جموں//جے اینڈ کے یونائیٹڈ اسکول ٹیچرز ایسوسی ایشن (جے کے یو ایس ٹی اے) نے جموں و کشمیر میں پرانی پنشن سکیم کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔احتجاج کرتے ہوئے ٹیچرز ایسوسی ایشن کے اراکین نے کہا کہ نئی پنشن سکیم کا ملازمین کو کوئی فائدہ نہیں ہے اس لیے حکومت کو اس فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی دو ریاستی حکومتوں نے اس کا جائزہ لیا ہے اور اس کے مطابق اپنی اپنی ریاستوں کے حق میں پرانی پنشن سکیم کو بحال کرنے کا یقین دلایا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت کو بھی سرکاری ملازمین کے حق میں پرانی پنشن اسکیم کو بحال کرنا چاہئے۔انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ جموں و کشمیر میں گریڈ ٹو اور گریڈ تھری کے اساتذہ کے حوالے سے ٹرانسفر پالیسی متعارف کرائی جائے۔ انہوں نے سکولوں میں لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر کا بھی مطالبہ کیا اور حکومت پر زور دیا کہ اساتذہ کو غیر تدریسی کاموں میں شامل نہ کیا جائے کیونکہ اس سے تدریسی عمل متاثر ہوتا ہے۔