جموں و کشمیر میں معاشی انقلاب آئیگا استحکام، سلامتی اور اقتصادی ترقی کی فضا برقرار رکھنا لازمی

  حوصلے توڑنے والے عناصر سے سختی سے نمٹنے کی ضرورت :ایل جی سنہا

بلال فرقانی

سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کو کہا کہ ان عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹنے کی ضرورت ہے جو ’’معاشرے کے حوصلے‘‘ کو توڑنے کی کوشش کرتے ہیں۔ بخشی اسٹیڈیم میں 71ویں بی این ملک میموریل آل انڈیا پولیس فٹ بال چمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سنہا نے کہا کہ آنے والے دنوں میں جموں و کشمیر میں معاشی انقلاب آئے گا،لہٰذا، سب کو سمجھنا چاہیے کہ آج ہم اقتصادی اور کاروباری محاذ پر جو نئی کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں، ان کی حفاظت کی ذمہ داری پولیس فورس کے کندھوں پر ہے۔انہوں نے کہا ’’ایسے عناصر سے سختی سے نمٹنے کی ضرورت ہے جو معاشرے کے حوصلے پست کرنے کی کوشش کرتے ہیں،ہم نے کافی حد تک کامیابیاں حاصل کی ہیں لیکن، ایسے عناصر کے خلاف ایسی کارروائیاں مسلسل جاری رہنی چاہئیں۔انہوںنے کہا کہ “ہمیں اپنے خطے میں استحکام، سلامتی اور اقتصادی ترقی کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے باقاعدگی سے کام کرنا ہوگا”۔انہوں نے مزید کہا کہ “ہمارے اردگرد جو کچھ بھی ہو رہا ہے اسے قریب سے دیکھنا ہے اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہماری پولیس فورس اور دیگر ایجنسیاں آنے والے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔”جموں و کشمیر میں پہلی غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری، ایک شاپنگ مال اور سرینگر کے مضافات میں ایک کثیر المقاصد ٹاور کے لیے سنگ بنیاد کی تقریب کا حوالہ دیتے ہوئے، سنہا نے کہا کہ ایک طویل عرصے کے بعد اقتصادی پنڈولم مرکز کے زیر انتظام علاقے کی طرف منتقل ہوا ہے۔

فلیگ شپ پروگرام اور سکیمیں ثمر آور ثابت
۔6.27لاکھ خواتین نے دیہی معیشت کو بد ل دیا:لیفٹیننٹ گورنر
نیوز ڈیسک

سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے مشہورجھیل ڈل میں سارس آجیو یکا میلے میں شرکت کی ۔اُنہوں نے کہا کہ سارس آجیویکا میلہ دیہی سیلف ہیلپ گروپوں اور کاریگروں کو اَپنی مصنوعات کا مظاہرہ کرنے ، خریداروں کے ساتھ تعلقات اُستوار کرنے اور ڈیزائن ، پیکیجنگ او رسوشل میڈیا اِشتہارات کے بارے میں جاننے کے لئے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ سیلف ہیلپ گروپ خواتین کو بااِختیار بنانے میں اہم کردار اَدا کر رہے ہیں۔حکومت نے خواتین کارباریوں کو اَپنے کاروبار کو بڑھانے اورگلوبل مارکیٹ سے منسلک ہونے کے مواقع فراہم کرنے میں مدد کرنے کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا کہ جموںوکشمیرمیں زائد اَز 78,000 سیلف ہیلپ گروپس سے وابستہ تقریباً 6.27 لاکھ خواتین نے دیہی معیشت کو بد ل دیا ہے ، روزگار پیدا کیااور چند ایک نے بڑے کاروباری اِدارے بننے کی صلاحیت بھی ظاہر کی ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی رہنمائی میں گذشتہ تین برسوں میں ہماری کوششوں نے خواتین کو ہر شعبے میں مساوی مواقع فراہم کئے ہیں اور اُنہیں ترقی یافتہ اور اتما نربھر جموںوکشمیر کے ہدف کو حاصل کرنے میں مساوی شراکت دار بننے کے قابل بنایا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے دیہی ترقی اور پنچایتی راج محکمہ اور جے اینڈ کے رور ل لائیو لی ہڈز مشن کو دیہی خواتین کی روزی روٹی کو محفوظ بنانے اور ان کے کاروباری سفر کی خاطر مناسب تربیت اور دیگر مدد فراہم کرنے کے لئے ان کی کوششوں پر مُبارک باد دی۔اُنہوں نے حکومت کے فلیگ شپ پروگراموں اور سکیموں پر روشنی ڈالی جو جموںوکشمیر میں خواتین کے لئے ثمر آور ثابت ہو رہی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہمارا مقصد خواتین کی قیادت میں ترقی ہے ۔