سری نگر// جموں وکشمیر میں سوموار کی شام کو زلزلہ آیا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5اعشاریہ 3ریکارڈ کی گئی۔
اسی وقت پر لداخ اور کرگل میں بھی5.0 شدت کا زلزلہ آیا۔
نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی نے سوموار کی شام کو اپنے ٹویٹر ہینڈل پر زلزلے کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ جموں وکشمیر میں سوموار شام 7 بجکر1منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.3 ریکارڈ کی گئی اور اس کی گہرائی دس کلومیٹر تھی اور اس کا مرکز گلگت بلتستان کا علاقہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ سوموار کی شام کو ہی 7 بجکر1منٹ پر لداخ اور کرگل میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.0 ریکارڈ کی گئی ۔
جموں وکشمیر اور لداخ میں زلزلے کے بعد کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ جموں وکشمیر اور لداخ زلزلیاتی پیمانے پر سب سے زیادہ خطرناک پانچ اور چار زون میں آتے ہیں۔
کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور ماہر ارضیات پروفیسر طلعت احمد نے چند ماہ قبل اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ زون پانچ میں آنے والے علاقوں کو ہمیشہ ایک بڑے زلزلے کے لئے تیار رہنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے پیمانے پر آنے والے زلزلے ایک اچھی بات ہے کیونکہ اس سے وقت وقت پر دباو کم ہوتا ہے کہ ہم ایک تباہ کن زلزلے سے بچ سکیں۔
قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر میں 8 اکتوبر 2005 کو ایک قیامت خیز زلزلے کے نتیجے میں ایل او سی کے آر پار زائد از 80 ہزار لوگوں کی موت واقع ہوئی تھی اور بے تحاشہ مالی نقصان ہوا تھا۔ ریکٹر سکیل پر اس زلزلے کی شدت 7.6ریکارڈ ہوئی تھی۔