جموں//وزیر صحت بالی بھگت نے اتوار کو جموں میڈیکل کالج میں بلڈ بنک کے اضافی بلاک کا افتتاح کیا۔ اس بلاک کے قیام سے خون کاعطیہ دینے اور لینے والوں کو مزید سہولیات میسر ہوں گی۔ ایک سرکاری پریس نوٹ کے مطابق بلڈ بنک کی توسیع میڈیکل کونسل آف انڈیا کی گائیڈ لائنز کے مطابق کی گئی ہے اور اس کے قیام سے نہ صرف جموں شہر بلکہ دیگر ضلع ہسپتالوں سے آنے والے مریضوں کو بھی آسانی ہوگی۔ بلڈ بنک کو جدید ترین سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے اور اس میں خون کو ذخیر ہ کرنے، محفوظ رکھنے نیز اسے ضرورت مند افراد کو فراہم کرنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس موقعہ پر وزیر صحت نے کہا کہ جموں میڈیکل کالج ایک انتہائی اہم اور حسا س طبی ادارہ ہے جہاں پورے جموں خطہ کے علاوہ گر دو نواح سے بھی سینکڑوں مریض اور زخمی آتے ہیں جنہیں شدت سے خون کی ضرورت ہوتی ہے ۔ موجودہ بلڈ بنک ان کی ضروریات کے پیش نظر ناکافی تھا جسے دیکھتے ہوئے اس کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا تھا اور نیتجہ کے طور پر یہ بلاک قائم کیا گیا۔ انہوںنے توقع ظاہر کی کہ اس سے مریضوں کی ضروریات کو بہتر ڈھنگ سے پورا کیا جا سکے گا۔