جموں//جموں مسلم سیول سوسائٹی نے گورنرانتظامیہ سے مانگ کی ہے کہ گزشتہ روز جموں بند کے دوران املاک اور گاڑیوں کو نذر آتش کرنے اور ان کی توڑ پھوڑ و پتھرائو کے واقعات میں ملوث شرپسندعناصر کے خلاف کڑی کارروائی کی جائے ۔ایڈووکیٹ شیخ شکیل ،مدیر اعلیٰ کشمیر ٹائمز پربودھ جموال،سابق وائس چانسلر مسعود چوہدری ، سابق ڈپٹی کمشنر خالد حسین ، جاوید اقبال شیخ ،شجاعت خان و دیگران نے گاندھی نگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر ستیہ پال ملک پر زور دیاکہ جمعہ کے روز توڑ پھوڑ کا شکار بننے والوں کو انصاف فراہم کیاجائے ۔شیخ شکیل نے کہا’’ہم لیتہ پورہ واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور ہماری تمام تر ہمدردیاں مہلوک اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ ہیں لیکن ساتھ ہی ہم اس کی بھی مذمت کرتے ہیں جو جمعہ کے روز پورے جموں میں ہوا‘‘۔ان کا مزید کہناتھا’’صدیوں سے جموں کے لوگ ایک دوسرے کے ساتھ پیار محبت اور بھائی چارے کے ساتھ رہتے آئے ہیں لیکن کچھ شرپسندعناصر نے گوجر نگر، وزارت روڈ، جانی پور ، نڑوال، راجندر بازار میں جمعہ کے روز پولیس کے سامنے گاڑیوں اور املاک کو آگ لگادی اور پتھرائو کیا جو انتہائی قابل مذمت ہے ،اس طرح کے واقعات سے جموں میں مقیم اقلیتی طبقہ میں خوف و حراس پایاجارہاہے ‘‘۔انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حساس علاقوں میں مشکل سے اکادکا پولیس اہلکاروں کو تعینات رکھاگیا ،وہ گورنر اور ان کی انتظامیہ سے یہ پوچھناچاہتے ہیں کہ جمعہ کے روز سیکورٹی کی خامیوں کی کیوں نشاندہی نہیں ہوئی اور اس طرح کی غلطیاں دوبارہ نہ دہرائی جائیں اور ملوثین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔انہوںنے کہاکہ ملوث عناصر کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے اور گورنر انتظامیہ ان کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑ اکرے ۔پربودھ جموال نے کہاکہ وہ پلوامہ واقعہ کی کڑی مذمت کرتے ہیں لیکن جمعہ کے روز پیش آئے واقعہ کی بھی مذمت کی جاتی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ اس واقعہ کے تناظر میں املاک کے نقصان کی کوئی جوازیت نہیں بنتی ۔ان کاکہناتھاکہ وہ پرامن احتجاج کے ساتھ ہیں لیکن یہ کہاں کا طریقہ ہوا کہ املاک اور گاڑیوں کو آگ لگادی جائے ۔سیول سوسائٹی کے ارکان نے انتظامیہ پر زور دیاکہ وہ انصاف فراہم کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائے کہ آئندہ اس طرح کے واقعات رونما نہ ہونے پائیں جس کیلئے ضروری ہے کہ ملوث عناصر کے خلاف کارروائی ہو ۔