جموں سرینگر شاہراہ فور لیننگ 2025میں مکمل ہوگی ۔2022میں648حادثات رونما ، 93اموات

 اشفاق سعید

سرینگر //سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی مرکزی وزارت نے بتایا ہے کہ گزشتہ سال جموں سرینگر شاہراہ پر تقریباً 648سڑک حادثات اور93اموات ہوئیں۔سرکاری دستاویزات کے مطابق، وزارت نے بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سڑکوں کی بندش عام طور پر صرف چند گھنٹوں تک رہتی ہے کیونکہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا نے سلائیڈوں کو ہٹانے اور ٹریفک کو جلد سے جلد معمول پر لانے کے لیے حساس مقامات پر فوری رسپانس ٹیمیں تعینات کی ہیں۔

 

قومی شاہراہ پر حادثے کے شکار علاقوں کے قریب قائم ٹراما سینٹرز کی سہولیات کے بارے میں، وزارت نے بتایا کہ NHAI کی جانب سے حال ہی میں مکمل ہونے والے منصوبوں پر طبی امدادی پوسٹیں تعمیر کی گئی ہیں اور زیر تعمیر پروجیکٹس میں میڈیکل ایڈ پوسٹ کی تعمیر کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ شاہراہ پر ہونے والی اموات کے واقعات کو موثر طریقے سے کم کرنے کے لیے حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں، مرکزی وزارت ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ جموں-سرینگر سیکشن میں، 260 کلومیٹر لمبائی میں سے، تقریبا ً210 میں فور لیننگ10 سرنگوں سمیت پہلے ہی مکمل ہو چکی ہے۔سرکاری دستاویز میں لکھا گیا ہے، “بقیہ 50 کلومیٹر میں فور لیننگ کا کام بشمول 6 سرنگیں پر کام جاری ہے، جسے اگست، 2025 تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔”وزارت نے مطلع کیا ہے کہ ان سرنگوں اور وائڈکٹ کی تکمیل کے بعد NH-44 زیادہ تر لینڈ سلائیڈنگ کے اثر سے آزاد ہو جائے گی اور جموں اور سری نگر کے درمیان تمام موسمی رابطہ کو یقینی بنایا جائے گا۔”وزارت نے مطلع کیا ہے۔جموں سری نگر ہائی وے پر ماحولیاتی خطرات کی وجہ سے کسی بھی نئی تعمیر شدہ سرنگ کے گرنے کے بارے میں وزارت نے بتایا ہے کہ اب تک ایسی کوئی نئی تعمیر شدہ سرنگ گرنے کا واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔”تاہم، NH-44 کے رامبن-بنیہال سیکشن پر خونی نالہ کے مقام پر 19 مئی 2022 کو لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے زیر تعمیر آڈٹ پورٹل گر گیا تھا جس سے 10 مزدوروں کی ہلاکت ہوئی تھی،”۔