سمت بھارگو
راجوری//جموںراجوری۔پونچھ قومی شاہراہ پر منگل کی شام ایک چونکا دینے والے واقعے میں کچھ شرپسند عناصر نے ایک ’ٹرک ڈرائیور کو دن دہاڑے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے کے بعد پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی اور مقامی عوام نے اس واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اْس وقت پیش آیا جب ایک گاڑی صفائی اسٹیشن پر معمولی تکرار کے دوران زبانی جھگڑا ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ تنازعہ کے بعد ملزمان نے ڈمپر ٹرک کا پیچھا کرتے ہوئے اُسے قومی شاہراہ پر روک لیا اور آہنی سلاخوں سے ڈرائیور کو بری طرح مارا پیٹا۔متاثرہ ڈرائیور کی شناخت عرفان رضا ولد غلام نبی سکنہ گردن پین، راجوری کے طور پر ہوئی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق، حملے کے دوران عرفان رضا کو بری طرح زدوکوب کیا گیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی بے ہوش ہو کر سڑک پر گر پڑا۔ اس واقعے کے باعث کچھ دیر تک جموںراجوری۔پونچھ شاہراہ پر ٹریفک متاثر رہا اور راہگیروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمی ڈرائیور کو فوری طور پر جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری منتقل کیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔واقعے کے بعد علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ اسلامک ویلفیئر آرگنائزیشن اور سول سوسائٹی کے متعدد اراکین جی ایم سی ہسپتال راجوری کے باہر جمع ہوئے اور اس بے رحمانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حملہ آوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔مقامی شہریوں نے کہا کہ دن دہاڑے اس طرح کا تشدد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے ایک چیلنج ہے اور اس پر فوری کارروائی ہونی چاہیے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔ادھر پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ واقعے کے سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔یہ واقعہ اس بات کی واضح مثال ہے کہ سڑکوں پر بڑھتے ہوئے غنڈہ گردی کے رجحان پر قابو پانے کے لئے انتظامیہ کو فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔