جل جیون مشن کے تحت واٹر سپلائی سکیم کا افتتاح | 4دیہات میں عوام کو پینے کا پانی فراہم کرنے کا اندازہ

سید زاہد
بدھل //کوٹرنکہ سب ڈویژن کی پنچایت گھبر میں محکمہ جل شکتی کی جانب سے شروع کردہ مرکزی سکیم ’جل جیون مشن ‘کے تحت ایک واٹر سپلائی سکیم کی تعمیر کا افتتاح کیاگیا ہے جس سے مذکورہ علاقہ کے متعدد گائوں میں پانی سپلائی ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔واٹر سپلائی سکیم کا افتتاح کرنے کیلئے ایک تقریب کا اہتمام کیاگیا جس میں پنچایتی اراکین ،علاقہ معززین ار متعلقہ محکمہ کے آفیسران و ملازمین نے بھی شرکت کی ۔واٹر سپلائی سکیم کا افتتاح کرتے ہوئے مقامی سرپنچ نصرین اختر نے کہاکہ دیہات میں پانی کی قلت کی شکایت گزشتہ کئی عرصہ سے موصول ہورہی تھی تاہم اب متعلقہ حکام نے مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کردہ سکیم کے تحت واٹر سپلائی سکیم کو منظوری دی ہے جس سے متعدد علاقوں میں پانی کی قلت کو پورا کرنے میں مدد ملے گی ۔مقامی ذرائع کے مطابق مذکورہ واٹر سپلائی سکیم کے مکمل ہونے سے لگ بھگ 4دیہات میں پانی کی سپلائی کو ممکن بنایا جاسکے گا ۔متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران نے بتایا کہ مذکورہ واٹر سپلائی سکیم کو کروڑوں روپے کی مالیت سے مکمل کیا جائے گا ۔اس موقعہ پر محکمہ کے اے ای ای اعجاز میر اور جونیئر انجینئر عبدالرحمان اور دیگر ملازمین بھی موجود تھے جبکہ مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ راجوری اور متعلقہ محکمہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مذکورہ واٹر سپلائی سکیم کو جلدازجلد مکمل کرلیاجائے گا ۔