جسٹس تاشی ربستان جموں وکشمیر اور لداخ کے قائمقام چیف جسٹس مقرر

بلال فرقانی

جموں// جسٹس تاشی ربستان،چیف جسٹس علی محمد ماگرے کی ریٹائرمنٹ کے بعد 8 دسمبر سے جموں و کشمیر اور لداخ کے چیف جسٹس کے فرائض انجام دیں گے۔وزارت قانون و انصاف کی طرف سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق صدر جمہوریہ ہند نے جسٹس تاشی ربستان کو جموں و کشمیر اور لداخ کے چیف جسٹس کے دفتر کے فرائض انجام دینے کے لیے مقرر کیا ہے۔صدر جمہوریہ نے”آئین ہند کے آرٹیکل 223کے ذریعے عطا کردہ اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے جسٹس تاشی ربستان کا تقرر کیا ہے۔ موجودہ چیف جسٹس ،جسٹس علی محمد محمد ماگرے، 8دسمبر کو ریٹائر ہورہے ہیں۔جسٹس تاشی ربستان نے 6 مارچ 1990 کو جموں و کشمیر کے بار کونسل میں بطور وکیل داخلہ لیا اور جموں و کشمیر کی ہائی کورٹ اور ثالثی، آئین، سروس، الیکشن، سول اور فوجداری معاملات پر ہائی کورٹ اور دیگر ہائی کورٹس میں پریکٹس شروع کی۔جسٹس تاشی 1997 سے 2005 تک لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل، لیہہ کے اسٹینڈنگ کونسل رہے۔ ستمبر 1998 میں جموں و کشمیر ہائی کورٹ، جموں ونگ کے لیے مرکزی حکومت کے وکیل کے طور پر تقرر کیا گیا۔ جسٹس تاشی اپریل 2008 سے 31 دسمبر 2011 تک یونین پبلک سروس کمیشن، نئی دہلی کے پینل کونسل کے طور پر بھی رہے۔جسٹس تاشی کو 16مئی2014 کو جموں و کشمیر ہائی کورٹ کا مستقل جج مقرر کیا گیا تھا۔