تھنہ منڈی میں میلادالنبیؐ کی مناسبت سے تقریبات مسلمان رسول پا کﷺ کی تعلیمات پر عمل کریں : مفتی منظور رضا

عظمیٰ یاسمین

تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کے اسلام پور علاقے میں نئی تعمیر شدہ نور الایمان جامع مسجد اسلام پور و اراکین کمیٹی کے زیر اہتمام میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں ایک روح پرور تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقہ بھر سے علمائے کرام اور عاشقان رسول نے حضور پرنور صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم کے تئیں اپنی والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہوئے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ غوثیہ جامع مسجد تھنہ منڈی کے امام و خطیب مولانا حافظ محمد نصیر الدین نقشبندی کی صدارت میں ہونے والے اس عظیم الشان اجلاس میں کشمیر سے تشریف لائے ہوئے نامور عالم دین و صدر مفتی جماعت اہلسنت جموں و کشمیر مفتی محمد منظور رضا نعیمی نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مختلف گوشوں پر ایمان افروز بیان کیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام الٰہی سے ہوا۔ا س کے بعد متعدد ثنا خوانوں نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور اپنی عقیدتوں کے پھول نچھاورکئے اور نظامت کے فرائض حافظ محمد نسیم امام و خطیب حنفیہ جامع مسجد ہسپلوٹ تھنہ منڈی نے بخوبی ادا کئے۔ معزز مہمان مفتی محمد منظور رضا نعیمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حب رسول ایمان کی شرط ہے اس کے بغیر کوئی مومن ہو ہی نہیں سکتا ہے۔ لہٰذا محبت رسول کا تقاضا ہے کہ ہم نبی کریم کی تعلیمات پر عمل کریںاور خدانخوستہ اگر ہم نے نبی پاک کی تعلیمات کو مشعل راہ نہ بنایا اور آپ کے اسوہء حسنہ پہ عمل کرنا چھوڑ دیا تو ذلت و رسوائی ہمارا مقدر ہوگی۔

 

مولانا نعیمی نے کہا آج ہمیں جن مسائل کا سامنا ہے اس کی اصل وجہ دین اسلام سے دوری اور آپ کی تعلیمات پر عمل پیرا نہ ہونا ہے۔ لہٰذا آپ کی سنت پر عمل پیرا ہوکر ہی ہم دنیا و آخرت میں کامیاب ہو سکتے ہیںکیونکہ کوئی بھی نظام عمل اور نظام فکر اس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکتا جب تک اس نظام پر عمل پیرا ہونے کیلئے نبی پاک کا مبارک طریقہ نہ اپنایا نہ جائے۔ پروگرام کے بعد نمازِ عشاء ادا کی گئی اس کے بعد تقسیم لنگر پر اس پر نور مجلس کا اختتام ہوا۔پروگرام کے آخر میں حافظ محمد نصیر الدین نقشبندی نے پورے ملک کے ساتھ ساتھ یو ٹی جموں و کشمیر میں امن ، خوشحالی اور ترقی و استحکام کیلئے خصوصی دعا کی۔

 

قاضی موہڑہ میں8 اکتوبر کو میلادالنبی ؐکانفرس منعقد ہوگی
حسین محتشم
پونچھ// محلہ قاضی موہڑہ وارڈ نمبر ایک میں واقع مدرسہ نظامیہ و مسجد شریف پنجتن پاک میں ایک اہم میٹنگ زیر صدارت درویش ذاکر حسین نظامی منعقد ہوئی جس میں 8 اکتوبر کو منعقد ہونے والی میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس کی تیاریوں کے حوالہ سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس حوالہ سے چیئر مین نظامیہ ویلفیئر ٹرسٹ کے محمد شعبان رضا چشتی نے کہا ہے کہ مذکورہ کانفرنس میں سابق ممبر پارلیمنٹ و موجودہ ایم ایل سی مولانا غلام رسول بلیاوی کے علاوہ ریاست و بیرون ریاست سے علماء کرام تشریف لا رہے ہیں۔ انہوں نے عوام الناس سے اس کانفرنس میں شرکت کی اپیل کی۔ میٹنگ میں تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ میٹنگ میں بابو بشیر، محمد صدیق، حافظ جمیل امام و خطیب سندربنی، مولانا نومان اختر امام وخطیب جامع مسجد پنجتن قاضی موہڑہ کے علاوہ کئی مقامی معززین موجود تھے۔