بڈگام//توسہ میدان کو سیاحتی مقام کے طور ترقی دینے کا اعادہ کرتے ہوئے لیفٹینٹ گورنر کے مشیر بصیراحمد خان کہاکہ اس علاقے کی جامع ترقی کیلئے منصوبہ ترتیب دینے کاعمل جاری ہے۔ سیتہارن کھاگ ، بڈگام میں منعقدہ ایک عوامی اِستفساری پروگرام کے دوران مشیر نے عوامی مسائل کوحل کرنے کیلئے موقعہ پر ہی ہدایات بھی دیں ۔ مشیر کے ہمراہ چیف انجینئر کے پی ڈی سی ایل ، ڈائریکٹر رورل ڈیولپمنٹ کشمیر ، اے ڈی سی بڈگام اور دیگر اعلیٰ اَفسران تھے ۔ مشیر نے سیتہارن ، کھاگ ، ماگام ، آری پنتھن ، درنگ اور اس سے ملحقہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا تا کہ جاری دیہی ترقیاتی کاموں ، پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے کاموں اور توسہ میدان ڈیولپمنٹ اَتھارٹی کا جائزہ لیاجاسکے۔ مشیر موصوف نے مشہور سیاحتی مقام کے طور پر ابھرنے کے وسیع امکانات رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ توسہ میدان کو پہلے ہی نئے سیاحتی مقام کے طور پر متعارف کیا جا چکا ہے اور اس سلسلے میں اس سیاحتی مقام کی ترقی شروع کرنے کیلئے ایک جامع منصوبہ زیر عمل ہے ۔ مشیر موصوف نے مزید کہا کہ ایک اے ٹی ایم اور دیگر بینکنگ خدمات اس علاقے میں دستیاب کی جائیں گی تا کہ سیاحوں کی زیادہ تعداد کو راغب کیا جا سکے ۔ مشیرموصوف نے ہدایت دی کہ علاقے میں سہولیات کی تزئین و آرائش کے منصوبے مرتب کئے جائیں تا کہ سیاحت کو فروغ ملے ۔ انہوں نے پارکنگ ، عوامی سہولیات ، اے ٹی ایم کی تنصیب ، موبائیل کنکٹوٹی ٹاوروں اور صحت سہولیات کے قیام پر زور دیا ۔ مشیر موصوف نے کہا کہ توسہ میدان سیاحوں کیلئے ایک اہم مقام بنتا جا رہا ہے اور اس کی ترقی کے نتیجے میں یہ زیادہ سیاحوں کو راغب کرے گا ۔ اُنہوں نے سیتہارن میں زیر تعمیر کھیل میدان کا بھی معائینہ کیا اور متعلقہ افراد کو ہدایت دی کہ وہ مقررہ وقت کے اندر تعمیر اور خوبصورتی کا عمل مکمل کریں ۔ مشیر نے مزید ہدایت دی کہ سیتہارن اور کھاگ میںمحنت کشوں کی نشاندہی کی جائے تا کہ باشندوں کو روزی روٹی کمانے کے مواقع دستیاب ہو سکیں ۔ مشیر نے علاقے میں بجلی کے منظر نامے کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ بوسیدہ بجلی کھمبے اور تاروں کو تبدیل کیا جا رہا ہے ۔ مشیر نے مزید کہا کہ ٹرانسفارمروں ، تاروں اور کھمبوں کو خریدا گیا ہے ، پی آر آئی کو فوری طور پر اپنی ضروریات کی نشاندہی کرنے اور پیش کرنے کی ضرورت ہے تا کہ موسم سرما سے پہلے بجلی کی فراہمی بہتر ہو ۔ مشیر نے کووِڈ ۔19 کی صورتحال پر غور کرتے ہوئے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ تمام لازمی ایس او پیز پر عمل کریں ۔ بعد میں مشیر نے ڈی ڈی سی چیئر مین ، ممبران اور دیگر پی آر آئی کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ مشیر نے سیتہارن میں ایک عوامی تبادلہ خیال سیشن کا انعقاد کیا جہاں مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ ملحقہ علاقوں کے لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی تا کہ وزیٹرنگ اتھارٹی کو کچھ بنیادی سہولیات بالخصوص سڑکوں کی تعمیر اور بہتری ، پانی کی فراہمی کے حوالے سے درپیش شکایات، پی ایچ سی کھاگ کا عملہ ، سامان اور اپ گریڈیشن ، ٹرانسپورٹ سروسز ، منسف کورٹ کی تشکیل اور کھاگ میں فائر سٹیشن کیلئے عملہ اور گاڑی کی تعیناتی ، شنگلی پورہ میں بینک برانچ ، کھاگ میں گورنمنٹ ڈگری کالج وغیرہ سے آگاہ کیا ۔ مسائل کے جواب میں مشیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کے دورے کا مقصد زمینی سطح پرصورتحال کا پتہ لگانا تھا اور تمام جائز مسائل اور شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور بعض معاملات میں مشیر نے ازالہ کیلئے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں ۔ عوامی رابطہ پروگرام میں چیئرمین ڈی ڈی سی بڈگام نذیر احمد خان نے بھی شرکت کی جنہوں نے وزٹینگ اتھارٹی کو سیتہارن اور کھاگ میں عوام کو درپیش شکایات اور مسائل سے مشیر موصوف کو آگاہ کیا۔