محتشم احتشام
پونچھ//پونچھ میں تنظیم علمائے اہلِ سنت والجماعت پونچھ کے بینر تلے ایک عظیم الشان تاجدارِ مدینہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع پونچھ سمیت راجوری، ریاسی اور جموں کے مختلف علاقوں سے علمائے کرام، عمائدین، طلباء، نوجوانوں اور ہزاروں عاشقانِ رسول ﷺ نے شرکت کی۔یہ روح پرور اجتماع جذب ایمان و عقیدت سے لبریز تھا، جہاں مقررین نے نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل، اْمت کے اتحاد اور تعلیم و اخلاقیات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔کانفرنس کے دوران مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد بشمول علمائے دین، پروفیشنلز، طلبہ و نوجوان شریک ہوئے۔ اس موقع پر اْن طلبہ کو بھی اعزازات سے نوازا گیا جنہوں نے تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھائی یا مختلف مسابقتی امتحانات میں کامیابی حاصل کی۔ مقررین نے اس عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام علم، محنت اور اخلاقی برتری کو بنیادی حیثیت دیتا ہے۔تقریب کے مہمانِ خصوصی مفتی نذیر احمد قاسمی، شیخ الحدیث دارالعلوم بانڈی پورہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی کریم ﷺ سے سچی محبت صرف زبان سے نہیں بلکہ عمل سے ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’سنتِ نبوی ؐ پر عمل، انسانیت کی خدمت، عدل و انصاف کا قیام اور دوسروں کے ساتھ حسنِ سلوک ہی عشقِ رسول ﷺ کا عملی مظہر ہے‘۔مولانا سید اے حبیب، چیئرمین تنظیم علمائے اہلِ سنت والجماعت پونچھ نے اپنے ولولہ انگیز خطاب میں اْمتِ مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ معمولی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر بھائی چارے اور اتحاد کی فضا قائم کریں۔ انہوں نے کہاکہ ’اْمتِ مسلمہ کو چاہیے کہ فرقہ واریت اور باہمی الزام تراشی سے باز آئے۔ یہ اختلافات ہمیں کمزور کرتے ہیں۔ نبی ﷺ نے ہمیں باہمی محبت، اتحاد اور ایک دوسرے کی مدد کا درس دیا ہے۔ آئیے ہم سب ایک جھنڈے تلے متحد ہوں اور ایک ایسی پْرامن اور صالح معاشرت کی تعمیر کریں جو برائیوں سے پاک ہو‘۔مولانا غلام قادر، سرپرستِ اعلیٰ جامعہ ضیاء العلوم پونچھ نے اپنے خطاب میں نبی کریم ﷺ کے پیغامِ رحمت، علم اور اخوت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ’رسولِ اکرم ﷺ ساری انسانیت کے لئے رحمت بن کر آئے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اْن کی سیرت سے سبق لے کر اپنے کردار میں علم، شفقت اور برداشت کو اپنائیں‘۔کانفرنس کے دوران دیگر علمائے کرام، بشمول مولانا فتح محمد اور مولانا عبداللہ قاسمی نے بھی خطاب کیا اور اْمتِ مسلمہ میں اتحاد و اتفاق، تعلیم اور اصلاحِ نفس کی اہمیت پر زور دیا۔اجتماع کے اختتام پر امن، بھائی چارے اور اْمتِ مسلمہ کی دینی و روحانی ترقی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس عظیم الشان کانفرنس میں عوام کی بے مثال شرکت اور نبی کریم ﷺ سے عقیدت و محبت کا مظاہرہ اس بات کا ثبوت تھا کہ پونچھ اور گردونواح کے عوام کے دل عشقِ مصطفی ﷺسے سرشار ہیں۔