ترکنا ڈھوک میںمشکوک حالت میں کئی مکانات خاکستر | آتشزدگی کے عمل میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کی مانگ

بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ کہ گاوں مڑہوٹ کی ڈھوک ترکنّا میں ایک بار پھر تقریبا 15 گھر جل کر خاک کے ڈھیر میں تبدیل ہو نے کے بعد متاثرین نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ اس آتشزدگی میں ملوث افراد کیخلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔مقامی ذرائع کے مطابق گھروں میں کافی قیمتی اشیاء اور قیمتی سامان بھی تھا جو جل کر تباہ ہو گیا ہے۔ سرپنچ پنچایت مڑہوٹ لوور لیفٹ نیاز احمد بھٹی نے بتایا کہ نامعلوم چند اشخاص نے ہمارے گھر جلائے ہیں جس میں عوام ننڈیالی کو کافی نقصان اْٹھانا پڑا ہے۔ نیاز احمد نے کہا کہ وہ ضلع اور یوٹی جموں کشمیر انتظامیہ سے تحقیقات کی مانگ کرتے ہیں۔اْن کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے نْقصان کا ازالہ نہ کیا گیا تو ہم احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پہ مجبور ہو جائینگے ۔مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ایک سازش کے تحت ان کے رہائشی گھروں کو نذر آتش کیا جارہا ہے ۔انہوں نے متعلقہ حکام پر لاپرواہی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز سے آتشزدگی کا سلسلہ لگاتار جاری ہے لیکن کسی بھی طرح کوئی ٹھوس اقدامات اٹھانے میں متعلقہ حکام کامیاب نہیں ہوئے ہیں ۔غور طلب ہے کہ گزشتہ کچھ دنوں میںمبینہ طورپر 25کے قریب رہائشی مکانات کو نذر آتش کر دیا گیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ ا سلسلہ میں سرنکوٹ پولیس سٹیشن میں ایک شکایت درج کی گئی ہیں اور پولیس موقعہ پر جا کر جائزہ لے گی ۔