ترقی یافتہ ہندوستان کے لئے کام کرنے کی سمت ہمارا عزم | باپوکی قربانیاں مسلسل مضبوطی عطا کرتی رہیں :وزیر اعظم

نئی دہلی//یواین آئی//وزیر اعظم نریندر مودی نے مہاتما گاندھی کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے اور ان کے بصیرت افروز خیالات کو یا د کیا ہے ۔جناب مودی نے ملک کی خدمت کرتے ہوئے شہادت پانے والے افراد کو بھی خراج عقیدت پیش کیا ۔وزیر اعظم نے ایک ٹوئیٹ میں کہا:‘‘میں باپو کو ان کے یو م شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور ان کے بصیرت افروز خیالات کو یاد کرتا ہوں ، میں ان تمام لوگوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جو ہمارے ملک کی خدمت کرتے ہوئے درجہ شہادت پر فائز ہوئے ،ان کی قربانیاں کبھی بھلائی نہیں جاسکیں گی اور ایک ترقی یافتہ ہندوستان کے لئے کام کرنے کی سمت میں ہمارے عزم کو مسلسل مضبوطی عطا کرتی رہیں گی۔’’مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ‘‘ سودیشی اور خودانحصاری کی راہ پر چل کر ملک کو خودکفیل بنانے کی تحریک دینے والے بابائے قوم مہاتما گاندھی مہاتما گاندھی کی برسی پر صدہا سلام۔ملک آج بابائے قوم مہاتما گاندھی کو’ اُن کی 75 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کر رہا ہے ۔ 30 جنوری کو شہیدوں کا دن بھی منایا جاتا ہے ۔ مہاتما گاندھی کو 1948 میں آج ہی کے دن قتل کردیا گیا تھا۔ نئی دلّی کے راج گھاٹ پر واقع گاندھی سمادھی پر بین مذاہب دعائیہ تقریب منعقد کی جائے گی۔