ترال//ترال میں گزشتہ کئی دہائیوں سے شہد کی صنعت سے وابستہ ایک شہری کو اُس وقت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب اُس نے حسب معمول شہد کی مکھیوں کو خوراک ڈالنے کے بعد دوسرے دن درجنوں ڈبوں میںشہد کی مکھیوں کو مردہ پایا۔مڈورہ ترال سے تعلق رکھنے والے مشتاق احمد شاہ ولد سیف الدین شاہ نے بتایا کہ وہ گزشتہ 20برسوں سے اس صنعت سے وابستہ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جمعہ کی شام کو انہوں نے حسب معمول شہد کے چھتوں میں موجود مکھیوں کو چینی کا پانی ڈالکر شام کے وقت اپنے گھر گیا ۔انہوں نے کہاکہ وہ صبح جب حسب معمول یہاں پہنچا تو وہ یہ دیکھ کر دھنگ رہ گیاکہ 140 چھتوںمیں سے درجنوں ڈبوں کے سامنے مردہ مکھیوں کے ڈھیر جمع تھے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایک ہی رات میں کئی ڈبے مکمل طور خالی ہوئے تھے جس کے نتیجے میں انہیں ہزاروں روپے مالیت کے نقصان سے دوچار ہونا پڑا ۔ انہوں نے سرکار اور متعلقہ محکمہ سے اپیل کی کہ اس کی مالی معاونت کی جائے تاکہ وہ مستقبل میںبھی اس صنعت سے وابستہ رہ سکے ۔