تجاوزات کیخلاف انہدامی کارروائی | این سی لیڈر کے کمپلیکس اور پولیس افسرکی دیوار پر بلڈوزر چلے

عارف بلوچ +ارشاد احمد
اننت ناگ+بڈگام//غیر قانونی تجاوزات کے خلاف جاری انہدامی کارروائی کے دوران ضلع اننت ناگ کے ونپوہ علاقہ میں نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما عبدالمجید لارمی کی کمرشل عمارت پر بلڈوزر چلایا گیا اور عمارت کو جزوی طور پر منہدم کردیا گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے پیر کے روز دوپہر سخت سیکورٹی کے دوران عبدالمجید لارمی کی عمارت کو منہدم کرنے کی کارروائی کی گئی۔ عمارت دو منزلوں پر مشتمل ہے، جس میں جموں و کشمیر بینک کی ایک شاخ بھی قائم ہے۔ لارمی کو سرکار کی جانب سے اس سلسلے میں نوٹس بھیجا گیا تھا، جس میں انہیں عمارت کو ایک ہفتہ کے اندر خود منہدم کرنے کو کہا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ یہ عمارت سرکاری زمین پر تعمیر کی گئی ہے۔ تاہم پیر کو باضابطہ طور پرانتظامیہ کی جانب سے کارروائی انجام دی گئی۔ عمارت میں قائم بینک شاخ کو ایک ہفتہ کے اندر خالی کرنے کی مہلت دی گئی ہے۔ ادھر گوگو ہمہامہ رنگریٹ میں بڈگام ریونیو افسران نیایک پولیس افسر کے زیر قبضہ ایک کنال اراضی واپس لی۔بتایا جاتا ہے کہ کمانڈنٹ کے عہدے پر تعینات مذکورہ پولیس افسر نے ایک کنال سے زیادہ کی اراضی پر قبضہ کیا تھا جہاں انہوں نے اپنے صحن کیساتھ اونچی دیوار تعمیر کی تھی۔ اسے بلڈوز کے ذریعہ منہدم کیا گیا اور کاہچرائی اراضی پر قبضہ ہٹایا گیا۔تاہم مذکورہ افسر کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔