جموں//جموں شہرکے مرکزمیں جب بی جے پی کے حمایتی یوم الحاق منارہے تھے اس دوران پرانے جموں شہرمیں ٹریفک جام لگ گیاجس کی وجہ سے مسافروں اورایمبولینسوں میں جارہے مریضوں کومشکلات کاسامناکرناپڑا۔ شہری لوگوں کواکثرجلوسوں اوردیگراہم دنوں کے موقعہ پر نکالی جانے والی ریلیوں سے مشکلات جھیلناپڑتی ہیں ۔کچی چھائونی ، سول سیکریٹریٹ ، شالیمار، رنبیرسکول ،ایکسیج روڈ اورپنج تیرتھی کے ساتھ ساتھ پریڈکوجانے والی گاڑیاں جام میں پھنس گئیں جس کی وجہ سے عام لوگوں کے علاوہ طلباء مشکلات میں مبتلارہے۔بی جے پی کارکنوں کی ریلی کی وجہ سے ایک ایمبولینس جس میں ایک حاملہ خاتون تھیں بھی کچی چھائونی میں لگے جام میں پھنس گئی اوراکثراس علاقہ میں 8 سے 4 بجے تک آمدورفت رک سی جاتی ہے۔ایک مسافرموہت شرمانے کہاکہ انتظامیہ کوچاہیئے کہ وہ شہرکے مرکزمیں مذہبی اورسیاسی جلوسوں کی اجازت نہ دے کیونکہ ہرسیاستدان کے ساتھ پانچ سات گاڑیاں ہوتی ہیں جس کی وجہ سے جام لگ جاتاہے۔سینئرپولیس آفیسران نے کشمیرعظمیٰ کوبتایاکہ ہماری کوشش رہتی ہے کہ ایمرجنسی گاڑیوں کوکسی طریقے سے جام سے نکالاجاسکے اورکسی کوپریشانی کاسامنانہ کرناپڑے۔