بی ایم او بانہال کا چاپناڑی اور امکوٹ طبی مراکز کا اچانک دورہ،سہولیات کا جائزہ لیا محمد تسکین

بانہال// انچارج بلاک میڈیکل آفیسر بانہال ڈاکٹر شبیر احمد ڈار نے بانہال کے امکوٹ اور چاپناڑی میں سرکاری طبی مراکز کا جائزہ لینے کیلئے کئی طبی مراکز کا اچانک دورہ کیا اور مقامی لوگوں اور سٹاف ممبران کے ساتھ لوگوں کو بہم پہنچائی جارہی طبی اور دیگر سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔بانہال سے قریب پانچ اور آٹھ کلومیٹر دور چاپناڑی اور امکوٹ کے ان علاقوں عام زمیندار اور گوجر طبقے کے لوگ رہتے ہیں اور یہاں سرکار کی طرف سے دو طبی مراکز قائم ہیں جنہیں ہیلتھ ویلنیس سینٹر کہا جاتا ہے۔ لوگوں کو سرکار کی طرف سے میسر طبی سہولیات اور دیگر مشکلات کی جانکاری کیلئے بلاک میڈیکل آفیسر بانہال ڈاکٹر شبیر احمد ڈار نے اپنے اچانک دورے کے دوران علاقے کے کئی معززین اور پنچایتی نمائندوں سے ملاقات کی اور ان سے ہیلتھ سروسز کے بارے میں فیڈ بیک لیا۔ انہوں نے چاپناڑی اور امکوٹ اور ملحقہ آبادیوں کیلئے قائم طبی مراکز میں تعینات سرکاری ملازمین ، پنچایتی نمائندوں اور مقامی لوگوں سے بھی عوام کو میسر طبی سہولیات اور دیگر کمی پیشی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے عوام کی طرف سے کئی مانگوں کو اعلی حکام کی نوٹس میں لانے کیلئے سرکاری خط وکتابت کرنے کی لوگوں کو یقین دھانی کرائی ہے۔