جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے بانی پروفیسر بھیم سنگھ آج اپنی ٹیم کے ساتھ مغربی ہماچل پردیش پہنچے اور وہاں کے رائے دہندگان سے 9نومبر، 2017کو ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے کی اپیل کی ۔پریس ریلیز کے مطابق مغربی ہماچل پردیش کے دورہ کے دوران انہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں اور وفودسے ملاقات کی اور ان سے 9نومبر کے ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے کی مضبوط اپیل کی جس سے جموں وکشمیر میں فرقہ پرست اور قوم مخالفت رجحانات کو روکنے میں ناکام رہنے والے مسٹر نریندر مودی کی بڑھتی انا کو روکا جاسکے۔پروفیسربھیم سنگھ نے پالمپور (مغربی ہماچل پردیش) میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہماچل پردیش کے امن پسنداور نرم گفتار رائے دہندگان سے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے کی اپیل کی جس سے قومی یکجہی مضبوطی ملے۔پروفیسربھیم سنگھ نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں کانگریس ہی بی جے پی کا متبادل ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت قومی یکجہتی کو ترجیح دی جانی چاہئے اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب ہماچل پردیش میں سیکولر اور جمہوری حکومت ہوگی ۔پنتھرس پارٹی کی ٹیم میں پارٹی کی جنرل سکریٹری انیتا ٹھاکر، اجے سنگھ، راجیش کمل، بلوندر جسروٹیا اور دیگر شامل ہیں۔اس سے پہلے آج اپنی ٹیم کے ساتھ ہماچل پردیش کے کانگڑہ پہنچے پروفیسر بھیم سنگھ کوہماچل پردیش کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس اور جموں پولیس ہیڈکوارٹر کے دیگر ذمہ دارافسران نے پیشگی اطلاع دینے کے باوجود سیکورٹی فراہم نہیں کی اور پروفیسر بھیم سنگھ کے ساتھ سیکورٹی کور بھیجنے سے انکار کردیا ۔ خیال رہے کہ پروفیسر بھیم سنگھ گزشتہ25برسوں سے زیڈسیکورٹی زمرہ میں ہیں۔