نوشہرہ //بھگت سنگھ کے یوم شہادت پر نوشہرہ اور راجوری میں تقریبات منعقد کی گئیں ۔پریس کلب نوشہرہ میں چیئرمین بھونیشور شرما کی قیادت میں صحافیوں نے شہیدبھگت سنگھ کے یوم شہادت پر ایک تقریب منعقد کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ اس موقعہ پر چیئرمین پریس کلب نے کہاکہ بھگت سنگھ کی قربانی ہمیں سبق سکھاتی ہے اور ان کی قربانی سے ہی ملک سے انگریزوں کو مجبور ہوکر واپس بھاگناپڑاتھا۔ اس موقعہ پر شہید بھگت سنگھ کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کی گئی اور دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔ تقریب میں تمام مقامی صحافیوں نے شرکت کی ۔دریں اثناء سنگھرش نامی تنظیم کی طرف سے نیشنل پبلک ہائراسکینڈری سکول راجوری میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس دوران بھگت سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیاگیا ۔ اس موقعہ پر سابق پروفیسر حقیقت سنگھ ، سنگھرش ترجمان اعلیٰ وکرانت شرما، منیر مرزا ، ایڈووکیٹ شوکت علی ، کنور بڈیال ، فاروق لون ، اشوک شرما، شیو دتا، جوگندر کمار ، مظفر مغل اور راکیش کمار بھی موجو دتھے ۔اسی طرح کا ایک پروگرام سابق سرپنچ یوگیش شرما کی قیادت میں بس اڈہ پر منعقد ہوا۔