بھٹناگر کا رحمت عالم ہسپتال اننت ناگ کا اَچانک دورہ میٹرنٹی کیئر ہسپتال کی عمارت کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت

اننت ناگ//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے یہاں رحمت عالم ہسپتال کا اَچانک دورہ کیا اور ہسپتال کے تعمیراتی مقام پر جاری کاموں کی پیش رفت کا معائنہ کیا۔مشیر موصوف نے دورے کے دوران ہسپتال کی موجودہ عمارت کی پرانی اور گنجان نوعیت کے پیش نظر میٹرنٹی کیئر ہسپتال اننت ناگ کو اِس عمارت میں آسانی سے منتقل کرنے کے لئے کئے گئے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے عمارت کے مختلف بلاکوں کا معائینہ کرتے ہوئے عمل آوری ایجنسی کے اَفسران پر زور دیا کہ وہ جاری کاموں کی رفتار میں سرعت لائیں تاکہ عمارت کو جلد اَز جلد مکمل کیا جاسکے اور موجودہ میٹرنٹی کیئر ہسپتال کو عمارت میں منتقل کیا جائے۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے عمل آوری ایجنسی سے مزید کہا کہ وہ عمارت کو عوامی خدمات کی فراہمی کے لئے ہم آہنگ بنائیں اور انہیں ہدایت دی کہ وہ حفاظتی آڈِٹ رِپورٹ حاصل کریں اور مطلوبہ جگہوں پر درستگی کے لئے مناسب اقدامات کریں۔مشیر موصوف نے اتنے برسوں سے اِس پروجیکٹ کی تکمیل میں بلا جواز تاخیر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ اِس پروجیکٹ کو مکمل کرنے میں ذاتی دلچسپی لیں کیوں کہ یہ زچگی کی ہیلتھ کیئر سے نمٹنے کے معاملے میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ کاموں کی پیش رفت کے حوالے سے باقاعدگی سے جائزہ لیں اور دیگر ایجنسیوں کے ساتھ مل کراس منصوبے کی تکمیل میں رُکاوٹ بننے والی تمام رُکاوٹوں کو دُور کریں تاکہ موجودہ زچہ بچہ ہسپتال کو جلد از جلد عمارت میں منتقل کیا جاسکے۔اِس دورے کے دوران مشیر موصوف کے ہمراہ چیف اِنجینئر آر اینڈ بی کشمیر ، چیف میڈیکل آفیسر اننت ناگ ، جنرل منیجر جے اینڈ کے پروجیکٹس کنسٹرکشن کارپوریشن، جی ایم سی ، آر اینڈ بی ، صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے اَفسران بھی تھے۔