عظمیٰ نیوز سروس
بھدرواہ//جموں یونیورسٹی کے بھدرواہ کیمپس میں ’’ڈرون ٹیکنالوجی اور اس کی ایپلی کیشنز‘‘ پر دو روزہ ورکشاپ کا آج آغاز ہوا۔ورکشاپ میں مختلف تعلیمی اداروں، بھدرواہ کیمپس کے محکموں، ہندوستانی فوج کے اہلکاروں اور جوانوں اور تدریسی اور غیر تدریسی عملے کے تقریباً 200 شرکاء نے شرکت کی۔جموں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امیش رائے نے ورکشاپ کے انعقاد کیلئے بھدرواہ کیمپس کی ستائش کی۔اس موقع پر مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ہرویندر سنگھ نے بھدرواہ کیمپس کو ایک اہم موضوع پر تقریب منعقد کرنے کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں اس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے عصری دور میں ڈرون ٹیکنالوجی کے بے شمار فوائد کی وضاحت کی۔بھدرواہ کیمپس کے ریکٹر اور ورکشاپ کے سرپرست پروفیسر جے پی سنگھ جوریل نے اس ورکشاپ کی سربراہی کرنے پر کمپیوٹر سائنس اور آئی ٹی کے شعبہ کی ستائش کی۔ انہوں نے شرکاء کو ڈرون ٹیکنالوجی کے بارے میں قابل قدر بصیرت سے آراستہ کرنے میں ورکشاپ کے کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ورکشاپ ایک بھرپور تجربہ ہونے کا وعدہ کرتی ہے، جو شرکاء کو ڈرون ٹیکنالوجی کے شعبے میں قیمتی بصیرت اور عملی معلومات فراہم کرے گی۔سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) آپریشن ڈوڈا، سنیل کیسر) نے اس موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے ڈرون ٹیکنالوجی کی اہمیت پر ایک جامع گفتگو کی۔انہوں نے موجودہ حالات میں ڈرونز کے اہم کردار پر زور دیا اور حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے میں ان کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ورکشاپ کے کنوینر ڈاکٹر جتندر منہاس نے ایک بصیرت انگیز پریزنٹیشن کے ذریعے ورکشاپ کے ایجنڈے کا تفصیلی خاکہ فراہم کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ورکشاپ میں متنوع موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے جن میں ڈرون ٹیکنالوجی کا تعارف، ڈرون ہارڈویئر اور سافٹ ویئر، حفاظت اور ضابطے، ہینڈ آن ڈرون فلائنگ سیشنز، زراعت میں ایپلی کیشنز، فضائی فوٹو گرافی اور ویڈیو گرافی، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز، انفراسٹرکچر کا معائنہ شامل ہیں۔