بھاجپا لیڈر ساتھیوں سمیت ڈیموکریٹک آزاد پارٹی میں شامل کہا، غلام نبی آزاد کے تعمیراتی کاموں سے متاثر ہوکر فیصلہ لیا

محمد تسکین
بانہال // بانہال میں سابق میونسپل کونسل صدر اور کانگریس لیڈر فاروق احمد وانی اور سابق بی جے پی نائب صدر ضلع رام بن جاوید نائیک نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ڈیموکریٹک آزاد پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔بانہال ڈاک بنگلہ میں میں فاروق احمد وانی اور جاوید احمد نائیک نے بعد نماز جمعہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ سابقہ میونسپل صدر اور گانگریس سے مستعفی ہوئے فاروق احمد وانی نے کہا کہ وہ سینکڑوں ورکروں کے ہمراہ ڈیموکریٹک آزاد پارٹی میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں اور یہ پارٹی ریاست جموں و کشمیر میں اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع رام بن میں جتنے بھی ترقیاتی کام ہوئے ہیں وہ سب غلام بنی آزاد کے دور میں ہوئے ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ غلام نبی آزاد کا دور وادی چناب اور بانہال کے لوگوں کیلئے سنہری دور تھا اور اب اس کا بدلہ دینے کا وقت آیا ہے۔ دونوں لیڈروں نے کہا کہ وہ آزاد کی شخصیت سے متاثر ہیں اور اسی وجہ سے ڈیموکریٹک آزاد پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ لیا۔ فاروق احمد وانی ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کو ہر سطح پر مضبوط کرنا ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہفتے کے روز بانہال میں غلام بنی آزاد کی جانب سے حال ہی میں بنائی گئی سیاسی پارٹی کی خوشی میں ایک پروگرام منعقد کر رہے ہیں اور اس میں لوگوں کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔ اس موقع بھارتیہ جنتا پارٹی سے حال ہی میں مستعفی ہوکر جمعرات کو ڈیموکریٹک آزاد پارٹی میں شامل ہوئے سابقہ بی جے پی نائب صدر جاوید احمد نائیک نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے عہدے سے چند ماہ قبل ہی مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے اور وہ ہمیشہ سے ہی غلام نبی آزاد کی شخصیت سے متاثر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غلام نبی آزاد کے کارناموں کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے اور لوگوں کو ان کے تعمیراتی سلسلے کو آگے بڑھانے کیلئے غلام نبی آزاد کی ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کو ووٹ دینا چاہئے۔