ڈوڈہ//ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر کی ہدایت پر ایس پی آپریشن ڈوڈہ رویندر پال سنگھ نے انچارج پولیس پوسٹ پل ڈوڈہ سب انسپکٹر یوگ راج کے ہمراہ بگارنی پل ڈوڈہ میں ایک پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد کیا جس میں 50 سے زائد مقامی معززین نے شرکت کی۔شرکائے میٹنگ نے پولیس انتظامیہ کی وساطت سے متعدد طالبات متعلقہ حکام کے سامنے رکھے جن میں علاقہ میں بلا تعطل بجلی اور کی فراہمی کو یقینی بنانا، گورنمنٹ پرائمری اسکول بگارنی کو مڈل اسکول کا درجہ دینا، راشن صارفین کو نئے راشن کارڈوں کی فراہمی، بگارنی پل ڈوڈہ واٹر سپلائی اسکیم کی تجدید ومرمت، بگارنی میں ہیلتھ سب سینٹر کا قیام،علاقہ کو کھلینی کی بجائے پل ڈوڈہ گریڈ اسٹیشن سے بجلی فراہم کرنا وغیرہ شامل ہیں۔ایس پی آپریشن نے شرکائے میٹنگ کو یقین دلایا کہ اْن کی طرف سے اْجاگر کئے مسائل اور مطالبات کو متعلقہ حکامنکی نوٹس میں لا کر حل کروانے کی کوشش کی جائے گی۔اْنہوں نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ پولیس کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کرکے اْن کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ منشیات ،غیر قانونی شراب، جنگلی جڑی بوٹیوں اور لکڑی کی سمگلنگ جیسے جرائم پر قابو پایا جا سکے اور جرائم سے پاک معاشرہ کی تعمیر ممکن ہو سکے۔اْنہوں نے علاقہ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور آپسی بھائی چارہ کو بنائے رکھنے اور امن و امن کی فضا قائم رکھنے پر بھی زور دیا۔