بچوں کے سراورہاتھ پائوں گرم رکھیں ’ ماسک کا استعمال، فلو کا بچائو ‘

پرویز احمد

سرینگر //شدید سردی میںلوگوں کو ہاتھ اور پائوں سر گرم رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے ماہرین صحت نے کہا کہ سکولی بچوں، مختلف بیماریوں کے شکار افراد اور عمر رسیدہ افراد کو نہ صرف سردی سے بچنے کیلئے سر ، ہاتھ اور پائوں کو گرم رکھنا چاہئے بلکہ فلو کے اثرات کو کم کرنے کیلئے فلو ویکسین لینا بھی ضروری ہے۔ امراض اطفال کے معروف مالج ڈاکٹر قیصر احمد نے بتایا کہ 5ویں جماعت تک کے بچوں کی چھٹیوں کا اعلان پہلے ہی کیا گیا ہے لیکن 5ویں سے 10ویں تک کے بچوں کو سردی سے بچنے کیلئے نہ صرف سر ، ہاتھ اور پائوں گرم رکھنے ہونگے بلکہ متوازن غذا اور پانی ضرورت کے حساب سے پینا چاہئے۔

 

ڈاکٹر قیصر نے کہا کہ سردیوں کے دوران بچوں کو صرف گھر میں تیار کیا گیا کھانا کھلانا چاہئے اور بازار میں دستیاب ہر چیز ترک کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ فلو سے دور رکھنے کیلئے انہیں بیشتر اوقات گھر میں ہی رہنے کی تلقین کرنی چاہیے۔سکمز میں شعبہ امراض چھاتی کے پروفیسر ڈاکٹر مدثر قادری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’ کورونا وائرس کی وجہ سے فلو کی بیماری دبی ہوئی تھی لیکن وائرس کے خاتمہ کے ساتھ ہی فلو معاملات میں اضافہ ہوا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ فلو معاملات میں 20فیصد اضافہ ہوا ہے لیکن یہ ہر سال کی طرح ہی معمول کے مطابق ہے‘‘۔ڈاکٹر قادری کا کہنا تھا جو بچے سکول جانے کیلئے صبح سویرے گھروں سے باہر نکلتے ہیں ، ان کو نہ صرف خود کو گرم رکھنا ہوگا بلکہ ماسک کا استعمال کرکے خود کو فلو سے دور رکھ سکتے ہیں۔ ڈاکٹر مدثر کا کہنا تھا کہ موسم سرما کیلئے ہر بچے کیلئے ویکسین بیماریوں سے بچنے کا طریقہ ہے ۔