بٹہ پورہ لنگیٹ کانوجوان مباحثہ مقابلے میں اول لیفٹیننٹ گورنر نے35ہزارروپے کے نقدانعام سے نوازا

اشرف چراغ
کپوارہ//کپوارہ کے نوجوانو ں میں صلاحیتو ں کی کوئی کمی نہیں ہے اور اسی کڑی کے تحت لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا نے بٹہ پورہ لنگیٹ کے ایک نوجوان کو 15اگست کے مباحثہ میں اول قرار دینے پر اعزاز سے نوازا ۔بٹہ پورہ لنگیٹ شمالی ضلع کپوارہ کے بنگس وادی کے دامن میں واقع ہے اور یہا ںکی خوبصورتی اپنی مثال آپ ہے ۔مزکورہ گائو ں کے رہنے والے خورشید احمد شاہ کو جمو ں و کشمیر یو ٹی کے لفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے 15اگست کے روز ایک مباحثہ مقابلہ میں فاتح قرار دینے کے بعد اعزاز سے نوازا، جو محکمہ ثقافت کی جانب سے جمو ںو کشمیر اکیڈمی آف آرٹ کلچرل اینڈ لنگویج کے اشتراک سے منعقد کیا گیا تھا ۔یہ مقابلہ 76ویں یوم آ زادی کی تقریب اور آ زادی کا امرت مہو تسو کے حصہ کے طور منعقد کیا گیا تھا ۔خورشید احمد شاہ گورنمنٹ ڈگری کالج بارہ مولہ میں صحافت کے طالب علم ہیں اور 15اگست کے مباحثہ مقابلہ میں فاتح قرارادینے کے بعد لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا نے انہیں 35ہزار روپیہ کے نقد انعام سے نوازا ۔خورشید نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ میں بچپن سے ہی شوقین تھا کہ ہر میدان میں اپنا لوہا منوالوں اور آج کے دن مباحثہ مقابلہ میں فاتح قرار دینے پر مجھے بے حد خوشی ہے ۔خورشید احمد نے مزید کہا کہ کپوارہ ضلع کے نوجوانو ں میں صلاحیتو ںکی کوئی کمی نہیں ہے اور اگر انہیں زندگی کے ہر شعبہ میں موقع فراہم کیا جائے تو یہاں کے نوجوان ملکی سطح پر اپنا نام روشن کر سکتے ہیں ۔خورشید احمد نے کہا کہ میں صحافت کا طالب علم ہوں لیکن کپوارہ ضلع میں بھی ایسے صحافی موجود ہیںجو وقت وقت پر میری رہنمائی کرتے ہیں جس پر مجھے بہت خوشی ہے ۔