یو این آئی
نئی دہلی// بم کے ذریعے دہشت گردانہ حملے کی دھمکی آمیز ای میل موصول ہونے کے بعد بدھ کو نوئیڈا اور غازی آباد کے ساتھ ساتھ دہلی کے کئی اسکولوں میں لوگوں میں خوف کا ماحول پیدا ہوگیا لیکن بعد میں پولیس اور حکومت نے اسے افواہ قرار دیا۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ کئی اسکولوں کو بم سے حملے کی دھمکی والی ای میل موصول ہوئی ہے۔ دھمکی کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تمام اسکولوں کو خالی کرا لیا۔ تمام اسکولوں کی چیکنگ کی گئی ہے۔پولیس افسر نے کہا کہ تمام اسکول بند کر دیے گئے ہیں اور طلباء کو گھر واپس بھیج دیا گیا ہے۔ اسکولوں میں بم ڈسپوزل اسکواڈز اور فائر ٹینڈرز بھیج کر سرچ آپریشن کیا گیا تاہم کوئی دھماکہ خیز مواد یا کوئی اور نقصان دہ چیز نہیں ملی۔نئی دہلی ضلع کے ڈپٹی کمشنر پولیس دیویش کمار مہالا نے کہا کہ ہم نے ضلع کے تمام اسکولوں کی جانچ کی ہے اور کچھ نہیں ملا۔