بلنگ سائٹ بند ہو نے سے لاکھوں کے بل التواء میں پڑنے کا خدشہ پیر پنچال میں ٹھیکیدار طبقہ پریشانی میں مبتلا، کنٹریکٹر ایسوسی ایشن پونچھ کا احتجاج،سائٹ بحال کرنے کا مطالبہ

 حسین محتشم+پرویز خان 

پونچھ+راجوری //سرحدی ضلع پونچھ میں کنٹریکٹر ایسوسی ایشن پونچھ کے بینر تلے ٹھیکیداروں کی جانب سے 29 مارچ 12 بجے کے بعد سے انٹر نیٹ پربلنگ کی سائٹ کو بند کر دیئے جانے کے خلاف ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔اس دوران خطہ پیر پنچال میں سینکڑوں ٹھیکیداروں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بلنگ سائٹ بند ہونے کی وجہ سے دونوں اضلاع میں کروڑوں روپے کے بل التوا ء کا شکار ہو گئے ہیں ۔پونچھ میں درجنوں ٹھیکیدار سڑک پر اتر آئے اور نعرے بازی کرنے لگے۔ٹھیکیدار نے الزام لگایا کہ 29 مارچ 2023 کو دن کے بارہ بجے کے بعد انٹرنیٹ پر بلنگ کی سائٹ کو بند کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ان کی بقایاجات کی بلنگ آن لائن نہیں ہو پائی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 31 مارچ کو صرف 2 گھنٹے کے لئے انٹرنیٹ پر سائٹ کو کھولا گیا اور پھر دوبارہ بند کر دیا گیا۔ اس وجہ سے انکے بل آن لائن نہیں ہوپائے۔ٹھیکیدار نے الزام لگایا کہ انکے ساتھ انتظامیہ کی جانب سے جان بوجھ کر اس طرح کا بھدا مذاق کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ سرکار سے بھیک نہیں مانگ رہے ہیں بلکہ اپنا حق مانگ رہے ہیں۔لہذا سرکار سائٹ کو دوبارہ بحال کرے تاکہ سب ٹھیکیداروں کے بل سائٹ پر آن لائن ہو پائیں اور انکی رقومات واگزار ہو سکیں۔انتباہ دیا کرو کہ بلنگ نہ ہوگی تو وہ زبردست احتجاجی مظاہرے شروع کر دیں گے۔راجوری ضلع کے منجا کوٹ کے ٹھیکیداروں و عام لوگوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انٹر نیٹ پر سائٹ کے بند ہونے کی وجہ سے ان کے بل التواء کا شکار ہو گئے ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ لاپرواہی سے پہلے سے مذکورہ کام کو مکمل نہیں کیا گیا اور اب لاکھوں روپے کے بل التواء کا شکار ہو گئے ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سائٹ کو بحال کرنے کیساتھ ساتھ ان کو بل جمع کروانے کیلئے مزید وقت دیا جائے ۔اسی طرح خطہ کے دیگر علاقوں بالخصوص بلاکوں اور سب ڈویژنوں میں بھی مذکورہ بلنگ سائٹ بند ہونے کی وجہ سے ٹھیکیدار طبقہ کی پریشانیوں میں اضافہ ہو چکا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد اس سائٹ کو بحال کر کے ان کو وقت دیا جائے تاکہ ٹھیکیداروں کا نقصان نہ ہو۔انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر ان کی مشکل کو حل نہیں کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج سامنے آئینگے ۔