بلقیس بانو معاملہ مجرموں کو رہا کئے جانے کے خلاف جنتر منتر پر مظاہرہ

Clenched fist held in protest vector illustration. Panoramic

نئی دہلی// بلقیس بانو پر کئے گئے گھناونے جرم کے قصورواروں کو گجرات کی بی جے پی حکومت کی طرف سے رہا کئے جانے کے خلاف اور عصمت دری اور قتل کے تمام 11 مجرموں کو جیل بھیجنے کے مطالبات کو لے کر خواتین تنظیموں نے دہلی کے جنتر منتر پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس دوران مظاہرین نے بی جے پی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور کہا کہ عصمت دری کے مجرموں اور قاتلوں کی سیاسی پشت پناہی پر پابندی عائد کی جائے اور رہا کئے گئے تمام قصورواروں کو دوبارہ جیل بھیجا جائے۔ سینٹر فار اسٹرگلنگ ویمن (سی ایس ڈبلیو) اور ایڈوا (اے آئی ڈی ڈبلیو اے) سمیت متعدد تنظیموں کی جانب سے کئے گئے اس مظاہرہ میں بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔خیال رہے کہ مرکزی حکومت کی امت شاہ کی زیر قیادت وزارت داخلہ نے ایک منصوبہ کے تحت تمام ریاستوں کے ان قیدیوں کو رہا کرنے کے حوالہ سے ایک خط ارسال کیا تھا جو اپنی سزا کا بیشتر حصہ مکمل کر چکے اور ان کے جرائم سنگین نوعت کے نہیں ہیں۔ تاہم گجرات حکومت نے اس مکتوب کا سہارا لے کر عصمت دری اور قتل عام کے مجرموں کی رہائی کا حکم صادر کر دیا۔

حکومت ملزمین کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے :راہل
نئی دہلی//یو این آئی// کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت خواتین مخالف ہے اور ظالموں اور عصمت دری کے ملزمان کا دفاع کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بی جے پی کی اتر پردیش حکومت عصمت دری کے ملزمان کو تحفظ فراہم کرتی ہے وہیں گجرات کی بی جے پی حکومت عصمت دری اور قتل کے ملزمان کو یوم آزادی پر معافی دے کر رہا کرتی ہے ۔ انہوں نے اسے شرمناک سیاست کے ساتھ ساتھ چھوٹی ذہنیت کی سیاست بھی قرار دیا ہے ۔ مسٹر گاندھی نے ٹویٹ کیا، “اُناؤ – بی جے پی ایم ایل اے کو بچانے کا کام۔ کٹھوعہ: عصمت دری کرنے والوں کی حمایت میں ریلی۔ ہاتھرس- حکومت عصمت دری کرنے والوں کے حق میں۔ گجرات – عصمت دری کرنے والوں کی رہائی اور اعزاز۔ مجرموں کی حمایت خواتین کے تئیں بی جے پی کی چھوٹی ذہنیت کو ظاہر کرتی ہے ۔ ایسی سیاست پر شرمندگی نہیں ہوتی، وزیراعظم جی۔