برقعہ پوش خاتون کے ہاتھوں ضلع ہسپتال کشتواڑ سے نابالغ بچہ اغوا | کئی گھنٹوں کی مسلسل تلاش کے بعد دیر شام مغوی برآمد ،اغوا کار خاتون گرفتار

عاصف بٹ
کشتواڑ//ایک برقعہ پوش خاتون نے منگل کے روز ڈسٹرکٹ ہسپتال کشتواڑ سے چھ ماہ کے بچے کو اغوا کر لیا جس کے بعد پولیس ٹیموں نے پورے قصبے، بس سٹینڈ اور دیگر علاقوں میں خاتون کی گرفتاری اور نابالغ اغوا شدہ بچے کی بازیابی کے لیے بڑے پیمانے پر تلاش شروع کر دی ہے جس کے بعد دیر شام بچہ بازیاب کرکے خاتون کو گرفتار کیاگیا۔ذرائع نے بتایا کہ چھ ماہ کے بچے کو اس کے اہل خانہ کشتواڑ کے ضلع اسپتال میں طبی معائنے کے لیے ہسپتال لے گئے جہاں ایک برقعہ پوش خاتون نے بچے کو اغوا کرلیا اور اس سے پہلے کہ گھر والوں کو واقعے کا علم ہوتا ،وہ ہسپتال سے فرار ہوگئی۔پولیس نے بتایا کہ ’عورت بغیر پتہ چلائے بھاگ گئی اور بعد میں گھر والوں نے ہسپتال کے احاطے میں اپنے بچے کی تلاش شروع کی اور پولیس کو بھی واقعے کی اطلاع دی گئی‘۔جیسے ہی یہ خبر بریک ہوئی، پولیس فوری طور پر حرکت میں آئی اور ہسپتال کے ساتھ بازار کے علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو چیک کیا اور ایک برقعہ پوش خاتون کو دیکھا جس کے کندھے پر بچہ تھا۔

ایک سی سی ٹی وی کیمروں میں، انہوں نے بتایا کہ خاتون کھڑی پائی گئی اور ایک اور فوٹیج میں وہ کشتواڑ میں پی این بی کی برانچ سے گزرتے ہوئے کشلو محلہ کی طرف چلتی ہوئی دیکھی گئی۔پولیس نے شہر بھر میں ناکے لگا کر ایک ایک کرکے تمام گاڑیوں کی چیکنگ کی جبکہ میونسپل کمیٹی کے صدر اور دیگر ممبران نے بھی گمشدہ بچے کی تلاش کے لیے چیکنگ میں تعاون کیا۔ بعد ازاں پولیس نے اغواء کرنے والی مشتبہ خاتون کی تصویر بھی جاری کی ہے اور مقامی باشندوں سے اس کی شناخت اور اس کے مطابق پولیس کو مطلع کرنے میں مدد مانگی ہے۔اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے۔دیر شام کشتواڑ قصبہ میں ہی اغواکار خاتون کو ایک مصدقہ اطلاع پر ایک مکان سے دھر لیاگیا اور نابالغ بچہ بازیاب کیاگیا۔اس سلسلے میں ایس ایس پی کشتواڑ شفقت بھٹ نے کہا’’کشتواڑ میں عام عوام اور میڈیا نے مغوی لڑکے کی بازیابی میں اہم کردار ادا کیا‘‘۔انہوںنے کہا کہ’’ اس واقعہ کے بعدتمام پولیس تھانوں کا کام روک دیا گیا اور انہیں اغوا شدہ لڑکے کا سراغ لگانے کا کام سونپا گیا۔ ہم سب، عام لوگوں اور میڈیا کی اجتماعی کوششوں سے، ہم مغوی لڑکے کو بازیاب کروانے میں کامیاب ہو گئے‘‘۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی اس معاملے میں ایف آئی آر درج کر لی تھی اور ایک خاتون کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔قبل ازیں، مغوی نابالغ لڑکے کی بازیابی کے فوراً بعد، پولیس اسے اس کے میڈیکل چیک اپ کے لیے اسپتال لے گئی۔