سرینگر//حالیہ برف باری کے دوران سرینگر ضلع میں تباہ ہوئے مکانوں کی تعمیرنومیں مدددینے کیلئے ضلع انتظامیہ نے 38.20لاکھ روپے کی رقم کو منظوری دی جومتعلقہ تحصیلدار متاثرین کے بینک کھاتوں میں جمع کرائیں گے۔سرینگر ضلع انتظامیہ کی تشکیل کردہ ضلعی سطح کی اسکریننگ کمیٹی و محکمہ جاتی کمیٹی نے ضلع میں حالیہ شدید برف باری کے نتیجے میں تباہ ہوئے مکان مالکان کے حق میں 38.20 لاکھ روپے کی امداد کی منظوری دی ۔ اس امداد کا مقصد تباہ شدہ مکانات کی تعمیر نو میں مدد فراہم کرنا ہے۔ کمیٹی نے برفباری سے خراب ہوئے بجلی اسٹیشنوں کے علاوہ متاثرہ اسکولوں کی عمارتوں کی بحالی اور تجدید کاری کو بھی منظوری دی۔یہ منظوری ڈپٹی کمشنر سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری کی زیرصدارت یہاں بلائی گئی ضلعی سطح کی اسکریننگ کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی۔ سری نگر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس سمیت ضلعی سطح کی اسکریننگ کمیٹی ممبران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرینگر ، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ ، جوائنٹ کمشنر ایس ایم سی ، ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ آفیسر ، کے پی ڈی سی ایل کے سپرنٹنڈنٹ انجینئرز ، محکمہ پی ایچ ای ،تعمیرات عامہ، ، ضلعی افسران اور تحصیلداروں اور دیگر ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کے دوران مجموعی طور پر 40.23 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔دریں اثنا ضلعی سطح کی اسکریننگ کمیٹی نے محکمہ بجلی کی مختلف ڈویژنوں کے تحت آنے والی تحصیل خانیار ، عیدگاہ ، شالی ٹینگ ، جنوبی ، شمالی سرینگر ، چھانہ پورہ،پانتھ چوک کے مختلف علاقوں میں 25 ٹرانسفارمروں کے متبادل اور اپ گریڈیشن کی بھی منظوری دی ہے۔میٹنگ میں کہا گیا کہ برفباری سے ہونے والے نقصانات کے پیش نظر ان تبدیلیوں کی ضرورت ہے اور وہ اپنے علاقوں میں بجلی کی فراہمی کو بڑھاوا دیں گے اور بڑھتی کھپت کے پیش نظر مطلوبہ ریلیف پیش کریں گے۔متعلقہ تحصیلداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ تقسیم کاری ٹرانسفارمرز کی تبدیلی اور تنصیب کے لئے موزوں مقامات کے لئے متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرز کو سہولت فراہم کریں۔ بتایا گیا کہ چھتوں سے برف گرنے سے مختلف ٹرانسفارمروں کو دیکھتے ہوئے محکمہ متبادل مقامات کی نشان دہی کرے گا۔ضلعی سطح کی اسکریننگ کمیٹی نے برف باری سے تباہ شدہ 7 اسکولوں کی عمارتوں کی بحالی کی بھی منظوری دی اور محکمہ تعلیم سے سری نگر میں تمام اسکولوں کی عمارتوں کی حفاظت کیلئے ارد گرد کا جائزہ لینے کی ہدایت دی۔ سرینگر میونسپل کارپوریشن سے کہا گیا کہ مکانات کی تعمیر کی اجازت دینے کے دوران اس بات کو یقینی بنائے کہ تعمیرات کی اجازت دینے کے دوران حفاظتی اصولوں کو مدنظر رکھیں کیونکہ برف باری کے دوران چھتوں کی ایک بڑی تعداد کو نقصان پہنچا ہے ۔