بلال فرقانی
سرینگر//حکومت نے مالی سال 2025-26 کیلئے بجٹ کی تیاری کا عمل شروع کر دیا ہے اور تمام انتظامی محکموں، محکمہ کے سربراہان، بجٹ کنٹرولنگ افسران اوررقومات تقسیم و واگزار کرنے والے افسراں کو فوری طور پر اس عمل کا آغاز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ محکمہ خزانہ کی طرف سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق، بجٹ تخمینہ جات کو ترتیب دینے کیلئے ایک واضح ٹائم لائن فراہم کی گئی ہے تاکہ اس کا جائزہ، ترتیب اور مجموعہ مناسب انداز میں ہو سکے۔اس ٹائم لائن کے مطابق،رقومات تقسیم و واگزار کرنے والے افسراں سطح پر بجٹ کی تیاری 11 نومبر 2024 کو مکمل ہوگئی ہے، جبکہ محکمہ جاتی سربرہاںسطح پر اس کی تیاری 15 نومبر 2024 تک مکمل کرنی ہے۔محکمہ خزانہ کے پرنسپل سیکریٹری نے اس سلسلے میں تمام انتظامی محکموں سے کہا ہے کہ وہ اپنے بجٹ تخمینہ جات 20 نومبر 2024 تک محکمہ خزانہ کو پیش کردیں۔ بجٹ کی تجاویز صرف بجٹ تخمینہ، تقسیم اور انتظامی نظام (بیمس)کے ذریعے آن لائن جمع کرائی جائیں گی ۔محکمہ خزانہ نے یہ واضح کیا ہے کہ کوئی بھی تجویز اگر مکمل نہ ہو یا اس میں دی گئی ہدایات کے مطابق معلومات نہ ہوں تو وہ منظور نہیں کی جائے گی۔پرنسپل سیکریٹری محکمہ خزانہ کے مطابق محکمہ خزانہ بجٹ کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیلئے ایک علیحدہ کیلنڈر جاری کرے گا۔محکمہ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ تمام محکموں کو اپنے ریونیو اخراجات اور رسیدوں کے تخمینہ جات فارم ایک مخصوص طریقہ کار’بی1 ‘کے مطابق فراہم کرنے ہوں گے۔محکمہ خزانہ کے مطابق اس میں گزشتہ5 سالوں کے دوران اکٹھے کی گئی آمدنی کی تفصیلات بھی شامل کرنی ہوں گی جبکہ اضافی طور پر، ریونیو کے اہداف کی مکمل تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے طریقہ کار فراہم کیا جائے گا۔مختلف محکموں کو تنخواہوں، ایڈہاک اخراجات، اور دیگر تفصیلات کی تفصیل سے منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔تمام خود مختار ادارے اور پبلک سیکٹر انٹرپرائزز جنہیں گرانٹ یا قرض فراہم کیا جاتا ہے، ان کے لئے بھی ضروری ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ گزشتہ 5سالوں میں اکٹھی کی جانے والی آمدنی کی تفصیل اور موجودہ مالی سال کی معلومات فراہم کریں۔محکمہ خزانہ نے تمام محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مرکزی معاونت والی اسکیموں اور سرمایہ بجٹ کے تخمینہ جات مکمل طور پر فراہم کریں۔ چھٹی کی ادائیگی ( لیو انکیش منٹ) اور نیشنل پنشن سسٹم کے حوالے سے بھی محکموں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے تخمینہ جات کو درست طریقے سے فراہم کریں تاکہ خصوصی طور پر سبکدوش ہونے والے افسران اور ملازمین کیلئے اس مالی سال میں مناسب فنڈز کی فراہمی کی جائے۔محکمہ خزانہ نے تمام محکموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے قرضوں، ضمانتوں اور دیگر مالی ذمہ داریوں کا حساب کتاب درست طریقے سے فراہم کریں۔