بجلی نظام کی بہتری کیلئے علیحدہ گریڈ سٹیشن کے قیام کا مطالبہ

جاوید اقبال

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے دیہات میں بجلی کی انتہائی غیر معیاری اور ناقص صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عاپ لیڈران نے کہا ہے کہ خطہ میں بجلی سپلائی کی بہتری اور صارفین کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے ایک علیحدہ سے گریڈ سٹیشن کا قیام عمل میں لایا جائے ۔مینڈھر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اسمبلی حلقہ مینڈھر کے پارٹی انچارج اور سبکدوش جج سکندر اعظم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ پی ڈی ڈی کی جانب سے صارفین کو ماہانہ بل وقت پر ارسال کر دئیے جاتے ہیں لیکن بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں جس کی وجہ سے صارفین کی مشکلات ہر گزرتے روز بڑھتی ہی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت اکثر دیہات میں بجلی کی سپلائی لائنیں سبز درختوں اور لکڑی کے کھمبوں کیساتھ باندھی گئی ہیں جو کہ صارفین کیلئے انتہائی خطرے ناک بھی ہیں ۔عاپ لیڈران نے مانگ کرتے ہوئے کہا مینڈھر سب ڈویژن میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی کیلئے عملی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں ۔