بجلی سپلائی کرنے والے 229فیڈ متاثر

اشفاق سعید
سرینگر // برفباری نے ایک بار پھر کشمیر وادی میں بجلی کے ناقص ترسیلی وتقسیم کاری نظام کی پول کھول دی ،کیونکہ جنوبی کشمیر میں بھاری برف باری کے باعث بیشتر فیڈر بے کار ،درجنوں ٹرانسفارمر خراب ،بجلی کے کھمبے اورترسیلی لائنیں زمین بوس ہوگئیں۔برف باری کی وجہ سے متعددکالونیاں ،بستیاں اوردیہات بجلی سپلائی سے محروم ہوگئے ہیں۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ ٹیموں کو کام پر لگایا گیا ہے اور شام دیر گئے تک بجلی سپلائی کو بحال کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔کشمیرپاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (KPDCL) کے حکام نے پیر کو کہا کہ33کے وی ترسیلی لائنوں کے 14فیڈر اور11کے وی کے 215فیڈروں کو برف باری کی وجہ سے فالٹ آیا ۔تاہم انہوں نے کہاکہ سوموار کی شام تک ان کو بحال کر کے لوگوں کو بجلی سپلائی فراہم کی جائے گی ۔محکمہ کے مطابق وادی کے کچھ ایک علاقوں میں بجلی سپلائی میں خلل پڑا تھا جس کے بعد محکمہ کی فیلڈ ٹیموں نے اپنی کارروئی شروع کی اور شام تک کشمیر وادی میں 1590 میگاواٹ بجلی بحال کر دی گئی ۔ شام تک 33کے وی بجلی کی ترسیلی لائنوں کے 14فیڈر متاثر تھے جن کی وجہ سے شمالی کشمیر کے سوپور ، بارہمولہ ، کپوارہ ، ہندوارہ اور کرناہ کے کچھ علاقوں میں بجلی سپلائی متاثر تھی جبکہ بڈگام اور ضلع اننت ناگ کے کچھ ایک علاقوں میں بھی بجلی سپلائی میں خلل پڑا ۔