محمد تسکین
بانہال// بانہال کی گوجر بستی جبڑی پھاگو میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں 2 رہائشی مکان مال و اسباب سمیت جل کر راکھ ہوگئے ہیں۔ ان دو ، دو منزلہ رہائشی مکانوں میں چھ کنبے رہائش پذیر تھے اور تمام افراد خطہ افلاس سے نیچے زندگی بسر کرنے والے غریب لوگ تھے۔ آگ کی اس واردات میں چوبیس افراد خانہ بے گھر ہوگئے ہیں۔ جمعرات کی صبح قریب سوا گیارہ بجے پیش آئی آگ کی اس واردات میں ان چھ کنبوں کا سب کچھ خاکستر ہوگیا ہے اور متاثر افراد تن پر پہنے کپڑوں کو ہی بچا پائے ۔ جبڑی کا علاقہ سڑک سے دور ہے اور فائر سروس کو یہاں تک فائر موٹر پہنچانے میں اور اسے قریبی نالہ میں نصب کرنے میں دشواریوں اور طوالت کا سامنا کرنا پڑا تاہم فائر سروسز نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کی اور آس پاس کے مزید مکانوں کو آگ کی لپیٹ میں آنے سے بچالیا۔محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی بانہال کے انچارج افتخار احمد وانی نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ڈولیگام کے جبڑی گاوں میں آگ کی واردات کی خبر ملتے ہی ٹیم روانہ ہوگئی لیکن سڑک سے کم از کم تین کلومیٹر دور ہونے کی وجہ سے آگ بجھانے کیلئے فائر انجن موٹر کو جائے واقع رک اٹھا کر لیجانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ان دو رہائشی مکانوں میں بیس کمرے تھے اور آگ کی واردات میں خاکستر ہوئے ان دو رہائشی مکانوں میں محمد اسماعیل گوجر کھٹانہ ، خدیجہ بیگم بیوہ مکھا گوجر کھٹانہ ، سکینہ بیگم بیوہ کرم الدین گوجر ، نسیمہ بیگم بیوہ غلام حسن کٹھانہ ، الف الدین اور بشیر احمد کٹھانہ کے کنبے رہائش پذیر تھے۔مقامی لوگوں نے آگ متاثرین کے حق میں معاوضہ اور پرائم منسٹر آواس پلس کے تحت مفت مکان فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔