بانہال والنٹیئرس کے رضاکاروں کاجذبہ ایثار دور افتادہ علاقوں میں غریب بچوں اور خواتین میں گرم ملبوسات تقسیم

محمد تسکین

بانہال // بانہال والنٹیئرس ک رضاکاروں نے انسانی جذبے کے تحت بدھ کے روز سب ڈویژن بانہال کے دور افتادہ علاقہ سراچی اور منگت میں غریب بچوں اور خواتین میں گرم ملبوسات تقسیم کئے۔ اس موقع پر صدر بانہال والنٹیئرس ادریس احمد وانی اپنے رضاکار ساتھیوں سمیت اس علاقے میں پہنچے تھے اور علاقے میں شدید سردی کے پیش ِ نظر غریب لوگوں میں فرن ، سوئیٹر، جوتے ، تھرمو کاٹ اور سوٹ وغیرہ تقسیم کئے۔ سراچی کے مقامی لوگوں نے بانہال والنٹیئرس کے کام کی سراہنا کرتے ہوئے مقامی رضاکار شبیر احمد نائیک اور حافظ نظیر احمد نے بتایا کہ آج کے مفاد پرستی اور مادہ پرستی کے دور میں بانہال والنٹیئرس کی کوشش ایک اہم قدم اور لوگوں کے دکھ درد میں شریک ہونا انہیں مدد پہنچانا بہت عظیم کام ہے اور اس سے علاقے میں غریب لوگوں کو کچھ حد تک بہت مدد ملی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ بانہال والنٹیئرس نے چند ماہ قبل سراچی کے مقامی غریب بچوں میں مفت سٹیشنری تقسیم کی تھی اور سراچی علاقے کے غریب گھرانوں کے ہائی سکول سراچی اور مقامی مدرسہ نیں زیر تعلیم بچوں کو دی گئی سٹیشنری کی امداد کے بعد ان میں تعلیم سرگرمیوں کو لیکر نیا ولولہ دیکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے کام میں شفافیت اور انسانیت کا جذبہ کار فرما ہے اور بیشک اللہ ایسے نوجوان کی مدد کرتا ہے۔ بانہال والنٹیئرس کے صدر ادریس احمد وانی نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ یہ سب ہمارے یار دوستوں اور فیس بک پر فالو کرنے والے مخیر حضرات کی مدد کا نتیجہ ہے کہ ہم دور افتادہ علاقوں میں سٹیشنری کے بعد اب گرم ملبوسات وغیرہ مفت تقسیم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سماج کے غریب ، نادار اور یتیموں کی مدد لوگوں کی مدد سے ممکن ہے اور ہم لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بانہال والنٹیئرس کو اپنا تعاون جاری رکھیں تاکہ ان کی امداد کو زمینی سطح پر پھیلی رضاکار تنظیم کیطرف سے مستحقین تک ایمانداری اور دیانتداری سے پہنچایا جاسکے۔