بانہال // گزشتہ دس برسوں سے زیر تعمیر بانہال۔ منگت رابطہ سڑک کے کام میں سست روی کے خلاف سراپا احتجاج لوگوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رام بن رویندر سادھو سے ملاقات کی اور انہیں بانہال۔ منگت رابطہ سڑک کی تکمیل میں کی جارہی تاخیر کا معاملہ اٹھایا۔ ماسٹر علی محمد کی قیادت میں وفد نے ایڈیشنل ڈپٹی رام بن کو بتایا کہ بانہال۔ منگت رابطہ سڑک گزشتہ دس برسوں سے زیر تعمیر ہے اور دورہ رام بن کے دوران وزیر اعلی محبوبہ مفتی کی یقین دہانی کے باوجود بھی 15 دسبر 2017 تک دی گئی ڈیڈلائین کے باوجود بھی سڑک کو مکمل نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم جی ایس وائی کے افسران نے بانہال۔ منگت رابطہ سڑک کو مکمل کرنے میں مسلسل تاخیر کررہی ہے اور محکمہ نے ٹھکیدار کو مکمل طور پر چھوٹ دے رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کی طرف سے 15 دسمبر 2017 کیلئے دی گئی ڈیڈلائین کے ختم ہونے کے باوجود بھی سڑک کی تعمیر تعطل کا شکار ہے اور محکمہ اور ٹھکیدار من مرضی کے ساتھ کام کے آگے بڑھا رہے ہیں اور مقامی زمینداروں نے معاوضہ نہ ملنے کی وجہ سے پندرہ روز سے کام بند کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سڑک میں کی جارہی تاخیر کی وجہ سے منگت ، کڈجی ، ہرگام اور بجناڑی کے ہزارو لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پررہا ہے۔ انہوں نے کہا آج بھی ان علاقوں کے لوگوں کو اپنے مریض کندھوں پر اٹھا کر لے جانے پڑتے ہیں اور بعض اوقات بروقت علاج نہ ملنے کی وجہ سے کئی افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رام بن رویندر سادھو نے وفد کے مسئلے کو بڑے غور سے سنا اور موقع پر ہی پی ایم جی ایس وائی بانہال کے ایکسئین اور دیگر افسروں کو اس سڑک کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ اے ڈی ڈی سی رام بن کو پی ایم جی ایس وائی بانہال کے ایکسئین نے یقین دلایا کہ سڑک کی کھدائی کا بیشتر کام مکمل کیا گیا ہے اور جون کے پہلے ہفتے میں اس سڑک کی کھدائی مکمل کر اسے منگت کے ساتھ جوڑ دیا جائے گا۔ وفد نے علاقہ منگت کی نیابت میں نائب تحصیلدار کی اسامی کو بھی پْر کرنے اپیل کی ۔اس ضمن میں ایڈینشل ڈپٹی کمشنر رام بن نے موقع پر ہی وہاں تعینات نائب تحصیلدارمنگت کو کھڑی تحصیل ہیڈ کواٹر کے بجائے نیابت منگت میں اپنا کام کاج چلانے کی ہدائت جاری کی ہے۔