محمد تسکین
بانہال// برفباری کی وجہ سے بانہال۔ منگت رابطہ سڑک پچھلے قریب ایک مہینے سے بند ہے جس کی وجہ سے سراچی ، ٹینکا ، آرم ڈھکا ، کْڈجی اور منگت کے دیہات باقی ضلع سے منقطع ہوئے ہیں اور ان علاقوں میں خوردونوش کی چیزوں کی قلت پیدا ہوگئی ہے اور دکانوں سے سامان ختم ہوگیا ہے۔برفباری سے ڈھکے علاقوں کے مرد و خواتین برف میں راستہ بنا کر آگے روزمرہ کے کام انجام دے رہے ہیں اور اس کا ایک ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوا ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ منگت کے مرد و خواتین سرینگر میں زیر تعلیم بچوں کے گھر انے پر ان کیلئے برف صاف کرکے راستہ بنا رہے ہیں۔لوگوں کا الزام ہے کہ پی ایم جی ایس وائی اور اس کے ٹھیکیدار سڑک سے برف صاف کرنے میں سست روی سے کام کر رہے ہیں اور لوگوں کو درپیش مشکلات کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منگت کے علاقے باقی دنیا سے منقطع ہیں اور علاقے میں بیماروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر اور ضلع حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ بانہال۔ منگت کو جلد از جلد قابل آمدورفت بنائیں تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔