بانڈی پورہ میں 19سالہ غیر مقامی مزدور ہلاک بجبہاڑہ میں پولیس پر فائرنگ،ایس پی او زخمی

عازم جان +عارف بلوچ

بانڈی پورہ +اننت ناگ// شمالی کشمیر ضلع بانڈی پورہ میں جھیل ولر کے کنارے آباد سعدنار اجس گائوں میں مشتبہ ملی ٹینٹوں نے ایک19برس کے غیر مقامی مزدور کو ہلاک کردیا۔ادھر بجبہاڑہ میں ملی ٹینٹوں نے ایک SPO کو گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا۔پولیس نے بتایا کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب قریب ساڑھے 12 بجے سعد نار اجس نامی گائوں میں مشتبہ ملی ٹینٹوں نے ایک 19سال کے مزدور لڑکے پر نزدیک سے گولیاں چلائیں ، جس کے نتیجے میں وہ خون میں لت پت ہوا ۔ اگرچہ مقامی لوگوں اور دیگر ساتھیوں نے اسے شدید زخمی حالت میں فوری طورپر نزدیکی ہسپتال پہنچایا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔متوفی کی شناخت 19سالہ محمد امروز ولد محمد جلیل ساکن بہار کے بطور ہو ئی ہے۔3جون2022 کے بعد یہ غیر مقامی شہریوں پردوسرا حملہ ہے۔اس سے قبل4اگست کوپلوامہ کے گڈورہ علاقے میں مشتبہ ملی ٹینٹوں کے حملے میں ایک غیر مقامی مزدور ہلاک جبکہ 2دیگر زخمی ہو گئے۔

 

مہلوک مزدور کی شناخت محمد ممتاز ولد محمد جالو ساکن بہار کے بطور ہوئی تھی ۔ زخمیوں میں محمد عارف ولد محمد عزیز اور محمد مقبول ولد محمد عارف ساکن رام پور بہار شامل تھے۔19مارچ سے وادی میں غیر مقامی مزدوروںاور غیر مسلموں پر 14حملے کئے گئے ہیں جس کے دوران ابھی تک ایک خاتون ٹیچر سمیت 7افراد کی جان چلی گئی ہے۔اس سے قبل اکتوبر 2021میںمحض تین روز کے دوران شہر سرینگر میں غیر مسلموں کی 4ہلاکتیں ہوئیں ، جن میں ایک سکھ خاتون پرنسپل بھی شامل تھیں۔یوں پچھلے سال اکتوبر سے 11اگست 2022تک2خواتین ٹیچر سمیت 11غیر مسلموں کی جان لی گئی ہے۔ابھی تک کولگام ضلع میں3ہلاکتیں ہوئیں جبکہ تحصیل چاڑورہ میں 2 افراد کو ہلاک کیا گیا۔پلوامہ میں قاتلانہ حملوں کے 5واقعات پیش آئے اور ایک ہلاکت ہوئی، جبکہ شوپیان میں2واقعات کے دوران مقامی کشمیری پنڈت دکاندار اور 4بہاری مزدور زخمی ہوئے۔اب 11اگست کی شب اجس بانڈی پورہ میں کم عمر 19سال کے بہاری مزدور محمد امروز کے بطور ہوئی ہے۔

 

ادھر بجبہاڑہ قصبہ میں دارا شکوہ پارک کرکدل میں قریب اڈھائی بجے ملی ٹینٹ نمودار ہوئے اور انہوں نے یہاں ڈیوٹی پر مامور پولیس پارٹی پر فائرنگ کی۔فائرنگ سے SPO غلام قادر شدید زخمی ہوا۔ حملے کے فوراً بعد زخمی ایس پی او کو سب ڈسٹرکٹ اسپتال پہنچایا گیا۔ ایس پی او کی حالت نازک تھی۔ اطلاع ملتے ہی آس پاس علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی۔ کشمیر زون پولیس نے ایک ٹویٹ کر کے بتایاکہ’’اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے میں ملی ٹینٹوں نے پولیس سی آر پی ایف کی مشترکہ ناکا پارٹی پر فائرنگ کی۔ اس واقعے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا جسے فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔