بانڈی پورہ قصبہ کی گندہ نالیاں،دکانداروں اور عام لوگوں کو کوفت

Exif_JPEG_420

عازم جان

بانڈی پورہ//بانڈی پورہ قصبہ میں نالیوں کی خستہ حالت سے لوگوں اور دکانداروں کوسخت مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے لوگ میونسپل کونسل اور محکمہ جل شکتی سے نالاں ہے۔ بانڈی قصبہ کے گردوار مارکیٹ میں گذرنے والی ڈرین جس کو ماضی میں گاڈر کوہل کے نام سے جانا جاتا تھا، کچرے پالیتھین ودیگر کوڑاکرکٹ سے بھری پڑی ہے۔

 

اس نالی میں جمع کوڑاکرکٹ سے اٹھنے والے عفونت نے دکانداروں اور گاہکوں کی ناک میں دم کررکھاہے ۔ جامعہ جدید کے ایک تاجر حاجی عطاء اللہ بٹ نے بتایاکہ انہوں نے میونسپل کونسل اور محکمہ جل شکتی کے افسران سے متعدد باردرخواست کی کہ خستہ حال نالیوں کی طرف توجہ دی جائے، تاکہ دکانداروں اور گاہکوں کو راحت مل سکے لیکن تاحال کوئی کارروائی نہیں ہوئی ۔

 

بانڈی پورہ قصبہ کے دیگر وارڈوں کے مکینوں نے بھی الزام لگایا ہے کہ ضلع انتظامیہ قصبہ کی خستہ حال ڈرینوں اور کوچوں کی طرف دھیان دینے سے قاصر ہیں۔ میونسپل کونسل کے صدر بشارت حسین نجار نے بتایا کہ جون کے مہینے میں بعض ڈرینوں کی مرمت کام شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا گردوارہ مارکیٹ کے بیچوں بیچ ڈرین محکمہ جل شکتی کی دائرہ اختیار میں ہے۔ لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے قصبہ کی خستہ حال ڈرینوں گلی کوچوں کی مرمت فوری طورکی جائے۔