جموں//انوشیا ورلڈ فلمز کے بینر تلے بنائی جارہی بالی ووڈ ویب سیریز ‘باردو’ کا عملہ شوٹنگ کے لئے ضلع کشتواڑ پہنچ گیا ہے ۔ضلع مجسٹریٹ کشتواڑ اشوک شرما نے اس عملے کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے 25 دنوں پر محیط اس ویب سیریز کی شوٹنگ پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ایسوسی ایٹ پروڈیوسر محسن بٹ اور اس پروجیکٹ کے قانونی مشیر راشد ظفر ڈول وال بھی ٹیلی ویژن اور بالی ووڈ اسٹار سارا خان، ابھیلیش کمار، نکیتا شرما اور رینا رائے کے ساتھ کشتواڑ پہنچ گئے ۔‘باردو’ کے عملے نے ہندی زبان میں بنائی جارہی اس ویب سیریز کے متعلق موصوف ضلع مجسٹریٹ کے ساتھ گفت وشنید کی اور سیریز کے ایسو سی ایٹ پروڈیوسر نے انہیں اس پروجیکٹ کے بارے میں مکمل جانکاری فراہم کی اور امید ظاہر کی کہ بارود کی شوٹنگ سے مقامی اداکاروں اور فن کاروں کو اپنی صلاحیتوں کے مظاہرے کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ بارود کی شوٹنگ ضلع کے مختلف مقامات خاص کر خوبصورت پڈر وادی میں کی جائے گی۔دریں اثنا ضلع مجسٹریٹ نے بارود کی شوٹنگ کے لئے ضلع کشتواڑ کا انتخاب کرنے پر عملے کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے امید ظاہرکی کہ اس ویب سیریز کی شوٹنگ سے بالی ووڈ کے دیگر فلمساز بھی یہاں اپنی فلموں کی شوٹنگ کے لئے آنا شروع کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ عملے کو تمام تر تعاون فراہم کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑے گی۔تاہم موصوف ضلع مجسٹریٹ نے ویب سیریز کے عملے کو شوٹنگ کے دوران کورونا پروٹوکال پر عمل کرنے کی تاکید کی۔قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر کی لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ بھی عنقریب ایک فلم پالیسی پیش کرنے والی ہے تاکہ اس شعبے کو مزید فروغ مل سکے اور مقامی فن کاروں کو اپنی صلاحیتوں کے مظاہرے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم ہوسکے ۔