’’باغ گل لالہ ‘‘کو کھول دیا گیا  | جموں کشمیر کی تقدیر اور تصویر بدل گئی : لیفٹیننٹ گورنر

بلال فرقانی
سرینگر // زبرون پہاڑی سلسلے کے دامن میں واقع ایشیاء کے سب سے بڑے ٹیولپ گارڈن (باغ گل لالہ )سیاحوں اور عام لوگوں کے لئے کھول دیا گیا۔ اس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ہمراہ چیف سیکرٹری اورن کمار مہتا اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔منوج سنہا نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ امسال باغ کو دیکھنے والوں کی تعداد گزشتہ سال سے کافی زیادہ ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندرمودی کی قیادت میں جموں کشمیر ترقی کی اونچائیوں کو چھو رہی ہے اور بین الاقوامی سرمایہ کاری بھی بڑھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں ملک کے عوام سے اپیل کرتا ہو ں کہ وہ آئے اور باغ کی سیر کریں ۔انہوںنے کہا کہ یہ سچ ہے کہ لوگوں نے پچھلے سالوں میںایسا بدلائو نہیں دیکھا تھا جو گزشتہ تین سالوں میں دیکھنے کو ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر شعبے میں جموں کشمیر ترقی کر رہا ہے اور 70سالوں سے جموں کشمیرترقی میں پیچھے تھا لیکن آج میں کہہ سکتا ہوں کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پچھلے تین سالوں میں جموں کشمیر کی تصویر اور تقدیر بدل دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاحتی سیکٹر میں نئی تبدیلی آئی ہے اور ریکارڈ تعداد میں سیاح کشمیر کا رخ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران سیاحوں کی بھاری تعداد نے کشمیر کا رخ کرکے یہاں کے قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہو ئے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں کوششیں جاری ہیں تاکہ نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی سے یہاں کی معیشت کو بڑھاوا مل سکے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمیں توقع ہے کہ امسال ملکی اور غیرملکی سیاحوں کی بڑی تعداد ایشیا کے اس سب سے بڑے باغ گل لالہ کی سیر کے لئے آئیں گے۔