راجوری // کٹھوعہ واقعہ اور دیگر معاملات پر بار ایسوسی ایشن جموں کی طرف سے دی گئی ہڑتال کی کال پر راجوری بار ایسو سی ایشن نے کئی سوالات کھڑے کئے ہیں ۔راجوری بار نے بار ایسو سی ایشن کٹھوعہ کے ارکان کی ہنگامہ آرائی کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے ۔راجوری بار سے تعلق رکھنے والے وکلاء نے پریس کلب راجوری میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بند کال افسوسناک ہے اور وکلا ء کو ایسانہیں کرناچاہئے ۔انہوںنے کہاکہ اس انسانیت سوز واقعہ میں اپنا تعاون دینا چاہئے تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات رونما نہ ہونے پائیں لیکن بار جموں کا فرقہ پرستانہ رویہ قابل افسوسناک ہے ۔انہوںنے کہاکہ مظلوم کنبہ کا ساتھ دینے کے بجائے مجرمان کو بچانے کیلئے طرح طرح کے حربے اختیار کئے جارہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ راجوری بار ایسو سی ایشن اس بند کال کی قطعی حمایت نہیں کرے گی کیونکہ جموں بار کے ممبرا ن ایک مخصوص فرقہ کو اپنا تعاون دے رہے ہیں جو غیر آئینی ہی نہیں بلکہ غیر اخلاقی بھی ہے ۔ ایڈووکیٹ شوکت نے کہا کہ یہ انسانیت سوز واقعہ پوری دنیا میں ہندوستانی عوام کاسرشرم سے جھکارہا ہے تاہم اس کے باوجود کچھ لوگ معاملے کو مذہبی رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں جو نہایت ہی افسوسناک ہے ۔ شوکت نے کہا کہ راجوری بار قطعی بھی ایسے معاملات میں اپنا تعاون جموں بار کو نہیں دے گی اور نہ ہی جموں بند کال پر عمل کرے گی ۔انہوںنے کہا کہ جموں بار کو چاہئے کہ وہ عدلیہ کے وقار کو بحال کرتے ہوئے اپنی کال واپس لے ۔اس موقعہ پر ایڈووکیٹ خالق فردوس، ایڈووکیٹ نسیم بھی موجود تھے ۔