بارہمولہ میں پتھر کی کان منہدم ۔2ٹپر ڈرائیور لقمہ اجل

فیاض بخاری

بارہمولہ// شمالی کشمیرمیں بارہمولہ ضلع کے درنگبل علاقے میںمنگل کی دوپہر ایک پتھر کی کان میں کھدائی کے دوران پتھر گرنے سے دو ٹپر ڈرائیوروں کی موت ہو گئی۔پولیس نے بتایا کہ پتھر کی کان کا ایک حصہ اس وقت منہدم ہو گیا جب وہاں کچھ لوگ کام کر رہے تھے، اسی دوران دو افراد ملبے میں دب گئے۔تاہم دونوں کو نکال کر فوری طور پر ضلع ہسپتال بارہمولہ لے جایا گیا جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دے دیا۔حادثے میں لقمہ اجل بنے افراد کی شناخت ہلال احمد اور ظفر احمد گوجری کے طور پر کی ہے ، دونوں بارہمولہ کے رہائشی ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ پولیس کی ایک ٹیم مزید تفصیلات جمع کرنے کے لیے موقع پر پہنچ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کان کنی کے دوران بھاری پتھر لڑھک کر نیچے آئے اور دو ٹپروں پر گرے، جس کے نتیجے میں دونوں ڈرائیوروں کی موت واقع ہوئی۔