بارہمولہ میں لشکر معاون گرفتار،مینڈھرمیں سرنگ تباہ

نیوز ڈیسک+جاوید اقبال

 

سرینگر+مینڈھر//پولیس نے بارہمولہ کے ناگہ بل چندوسہ علاقے میں لشکر طیبہ سے وابستہ ایک ملی ٹینٹ معاون کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ پونچھ کے مینڈھرعلاقے میں بارود سرنگ کا پتہ لگاکر اس کوتباہ کیا گیا ۔

 

 

 

پولیس ترجمان نے کہا کہ ملی ٹینٹوں کی نقل و حمل کے بارے میں مصدقہ اطلاع پر پولیس اور فوج کی 52 آر آر کی ایک مشترکہ ٹیم نے ناگہ بل چندوسہ کی شرانز کراسنگ پر ناکہ لگا دیا۔اس دوران شرانز سے ناگہ بل کی طرف آ رہے ایک مشتبہ شخص نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اس کو دھر لیا گیااورتلاشی کے دوران اس کی تحویل سے ایک گرینیڈ بر آمد کیا گیا۔ گرفتار شدہ کی شناخت محمد اشرف میر ولد محمد شفیع میر ساکن لری ڈورہ چندوسہ کے بطور کی گئی ہے جو ایک سرنڈر ملی ٹینٹ ہے اور لشکر کیساتھ معاون کی حیثیت سے کام کر رہا تھا۔ اس سلسلے میں انڈین آرمز اور یو اے (پی) ایکٹ کے تحت پولیس اسٹیشن چندوسہ میں کیس درج کیا گیا۔دریں اثناء ضلع پونچھ کے مینڈھر علاقے میں ہفتہ کے روز فوج نے ایک بارودی سرنگ کا پتہ لگاکر اس کو تباہ کردیا ۔ فوج نے بتایا کہ بارودی سرنگ، زنگ آلود حالت میں، مینڈھر سیکٹر کے ملک پور گاؤں میں گشت کے دوران فوج کے دستوں نے بر آمد کی۔ان کا کہنا تھا کہ علاقے کو گھیرے میں لیا گیا اور بارودی سرنگ کو بعد میں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دھماکے میں تباہ کر دیا ۔حکام نے کہا کہ دراندازی روکنے والے نظام کے ایک حصے کے طور پر، آگے کے علاقوں میں بارودی سرنگیں لگی ہوئی ہیں جو کبھی کبھی بارش سے بہہ جاتی ہیں۔