بارہمولہ اور ٹنگمرگ میں قہر انگیز ژالہ باری میوہ باغات،دھان کی فصل اورسبزیوں کوبھاری نقصان

 فیاض بخاری+مشتاق الحسن

بارہمولہ+ٹنگمرگ//کنڈی بارہمولہ کے بالائی علاقوں میں ہفتے کوبعددوپہر مطلع اچانک ابروآلود ہونے کے بعد شدیدنوعیت کی ژالہ باری ہوئی ،جو تقریباً15منٹ تک جاری رہی ۔ کنڈی کے بانڈی پائین ،کوہلنہ،نلسر،کچھومقام، اوردیگر کچھ نزدیکی دیہات میں سنیچر دوپہر کے وقت اچانک ژالہ باری شروع ہوئی ۔مقامی لوگوںکے مطابق شدیدنوعیت کی ژالہ باری20سے25منٹ تک جاری رہی۔متاثرہ دیہات کے لوگوںنے بتایاکہ شدیدژالہ باری کی وجہ سے کھیتوںمیں کاٹ کر جمع رکھی گئی دھان کی فصل ،مکئی اوردرختوں پر موجود میوہ جات کوکافی نقصان پہنچا۔۔انہوںنے کہاکہ بانڈی پائین سمیت تمام متاثرہ بالائی علاقوںمیں ابھی میوہ باغات میں سیب کے کئی اقسام کی پیداواردرختوں پر ہی موجود تھی ،جس کوژالہ باری سے کافی نقصان پہنچا۔متاثرہ دیہات کے لوگوںنے بتایاکہ ژالہ باری بندہونے کے دوران کھیتوں اورباغات کے ساتھ ساتھ گھروں کے صحنوں میں موٹی سفید چادر بچھ گئی ۔ادھر ٹنگمرگ کے کھئی پورہ ،نادر گنڈ، شیخ پورہ اور چندوسہ میں بھی زبردست ژالہ باری ہوئی ۔ بعد دوپہرہوئی قہر انگیز ژالہ باری سے میوہ اور پکی دھان کو زبردست نقصان پہنچا ۔ ژالہ باری قریب پانچ منٹ تک جاری رہی جس سے باغوں میں موجود سیب درختوں سے گر گئے جبکہ دھان کی تیار فصل تباہ ہوگی ۔