بارڈر پولیس پوسٹ کے نزدیک دھماکہ تلاشی کے دوران گرینیڈ بر آمد،کھٹوعہ، ہیرا نگر اور جموں میں ہائی الرٹ

 یو این آئی

جموں // ضلع کٹھوعہ کے ہیرا نگر علاقے میں بدھ کی شام ایک پر اسرار دھماکہ ہوا جس کے بعد علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا۔یہ دھماکہ ہیرا نگر پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں بین الاقوامی سرحد پر بارڈ پولیس پوسٹ کے نزدیک ہوا۔ ایس ایس پی کٹھوعہ شیو دیپ سنگھ جموال نے جمعرات کو جائے موقع پر میڈیا کو بتایا کہ دھماکے کے بارے میں بدھ کی شام ساڑھے نو بجے اطلاع موصول ہوئی۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک زور دار دھماکہ تھا جس سے آس پاس کے علاقوں میں خوف پھیل گیا۔ان کا کہنا تھا کہ جمعرات کی صبح جب تلاشی آپریشن شروع کیا گیا تو قریب ساڑھے چھ بجے ایک زندہ گرینیڈ بر آمد کیا گیا۔موصوف نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی موجودگی دیکھ کر یہ گرینیڈ پھینکا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ‘پولیس چوکی دھماکے کی جگہ کے نزدیک ہے جس سے لگتا ہے پولیس چوکی ان کا نشانہ تھی’۔ان کا کہنا تھا: ‘بدھ کے روز یہاں سیکورٹی فورسز کی موجودگی کچھ زیادہ تھی لہٰذا ممکن ہے کہ انہوں نے پہلے گرینیڈ پھینکا ہوگا اور پھر دھماکہ کیا ہوگا’۔انہوں نے کہا کہ بم ناکارہ بنانے والی ایک ٹیم نے جائے موقع سے نمونے جمع کئے ہیں۔ادھر ہیرا نگر بارڈر پولیس پوسٹ کے نزدیک ہوئے دھماکے کے بعد بین الاقوامی سرحد کے ساتھ ساتھ جموں پٹھان کورٹ شاہراہ پر ہائی الرٹ جاری کیا گیا۔ کٹھوعہ اور ہیرا نگر میں جگہ جگہ اضافی پیرا ملٹری فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی۔انہوں نے کہاکہ جموں پٹھان کورٹ شاہراہ پر بھی ہائی الرٹ جاری کیا گیا اور سیکورٹی فورسز کو مستعد رہنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ حساس عمارتوں ، فوجی تنصیبات اور پولیس تھانوں کے اردگرد بھی پیرا ملٹری فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی۔جموں پٹھان کوٹ شاہراہ پر کئی ایک مقامات پر ناکے بٹھائے گئے ہیں۔ جہاں گاڑیوںکی تلاشی لی جاتی ہے۔