بانہال // بانہال سمیت چناب خطے میں پیر کو بارشوں کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا جس کی وجہ سے سردیوں میں اضافہ ہوا ۔ اتوار اور پیر کی رات سے ہورہی موسلا دھار بارشوں کے باوجود سرینگر جموںشاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت پیر کی شام تک بغیر کسی خلل کے جاری تھی اور پیر کو وادی سے جموں کی طرف معمول کے مطابق ٹریفک کو چلنے کی اجازت تھی جبکہ چھوٹی مسافر بردار گاڑیاں شاہراہ پر دو طرفہ چلتی رہیں۔ٹریفک ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بغیر کسی خلل کے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ رام بن بانہال سیکٹر میں کئی مقامات پر پتھر گرنے کے اِکا دُکا واقعات پیش آئے تاہم اس سے ٹریفک کی نقل وحمل متاثر نہیں ہوئی ۔