راجوری//ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر معاملے میں کالاکوٹ کے لوگوںنے مقامی ممبراسمبلی عبدالغنی کوہلی جو مخلوط حکومت میں اینمل ہسبنڈری کے وزیر بھی ہیں ، کو دورہ کالاکوٹ کے دوران کالے جھنڈے دکھائے ۔ان لوگوںنے الزام عائد کیاکہ مقامی ممبراسمبلی کالاکوٹ کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پوسٹ کیلئے مناسب نمائندگی کرنے میں ناکام رہے ۔وزیر مین مارکیٹ کالاکوٹ سے گزر رہے تھے جب لوگوںنے کالے جھنڈے لیکر ان کے خلاف نعرے بازی کی ۔ذرائع کاکہناہے کہ مقامی لوگ وزیر کاراستہ بھی روکناچاہتے تھے تاہم پولیس نے مداخلت کرکے ایسا نہیں کرنے دیا اور وزیر کے قافلے کو آگے لیجانے کاراستہ فراہم کیا ۔بعد ازآں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے مقامی لوگوںنے کہاکہ عبدالغنی کوہلی حالیہ ایجی ٹیشن کے دوران علاقے کی مناسب نمائندگی کرنے میں ناکام رہے اور انہوںنے کالاکوٹ کو کوٹرنکہ اے ڈی سی پوسٹ کے ساتھ منسلک کرنے کی حمایت بھی کی جو کہ مقامی عوام کی خواہشات کے منافی اقدام تھا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کالاکوٹ کو حکومت کی طرف سے حال ہی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پوسٹ دی گئی ہے جس کے بعد مقامی لوگوںنے احتجاج ختم کردیا ۔