یواین آئی
نئی دہلی/آئی پی ایل 2026 سے قبل ایک اور بڑی ڈیل سامنے آئی ہے ، جس کے تحت سن رائزرز حیدرآباد (ایس آر ایچ) محمد شامی کو لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) کو ٹریڈ کرنے کے لئے تیار ہے ۔ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق، شامی کے بدلے ایل ایس جی، ایس آر ایچ کو 10 کروڑ روپے ادا کرے گی۔ یہی وہ رقم ہے جس پر ایس آر ایچ نے شامی کو آئی پی ایل 2025 کی نیلامی میں خریدا تھا۔ سمجھا جا رہا ہے کہ اس ٹریڈ کے حوالے سے دونوں فرنچائزوں کے درمیان بات چیت ہو چکی ہے ، تاہم شامی کی جانب سے حتمی منظوری ابھی باقی ہے ۔ آئی پی ایل نے کھلاڑیوں کی ریلیز لسٹ جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 نومبر دوپہر تین بجے تک مقرر کی ہے ۔ مارچ 2025 میں چیمپئنز ٹرافی فائنل کے بعد شامی ہندوستانی ٹیم میں اپنی جگہ پکی نہیں کر پائے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف گھریلو سیریز اور جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں منتخب نہ کیے جانے پر وہ مایوس ہوئے تھے ۔ ایک خراب آئی پی ایل سیزن کے بعد انہیں انگلینڈ کے دورے کے لیے بھی نہیں منتخب کیا گیا۔ آئی پی ایل 2022 سے 2024 تک شامی گجرات ٹائیٹنز (جی ٹی) کا حصہ رہے ۔ انہوں نے 2022 اور 2023 میں پاور پلے کے پہلے چھ اووروں میں 28 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس مرحلے میں ان کے بعد ٹرینٹ بولٹ (20) اور محمد سراج (15) کا نمبر آتا ہے ۔ 2024 میں وہ انجری کی وجہ سے نہیں کھیل پائے جبکہ 2025 میں پاور پلے کے دوران 9 اننگز میں 10.3 کی اکانومی سے صرف 5 وکٹیں حاصل کر سکے تھے ۔ شامی فٹنس، فارم اور رفتار کے ساتھ جدوجہد کر رہے تھے ، ایسے میں یہ سوال اٹھ رہا تھا کہ کیا ایس آر ایچ انہیں آئی پی ایل 2026 سے پہلے برقرار رکھے گا۔